چندولی:12مارچ(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع چندولی کے مغل سرائے علاقے میں زمین تنازع میں دو افراد نے ایک 45سالہ شخص کو آگ کے حوالے کردیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈنڈی گاؤں باشندہ وجئے گپتا کا بہادر پور باشندہ چندر بھوشن ترپاٹھی سے زمینی تنازع تھا۔ اور معاملہ عدالت میں زیر غور ہے۔اس کیس کی سماعت منگل کو ہونی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ الزام ہے کہ وجئے عدالت جارہا تھا اسی وقت چندر بھوشن اور اس کے بھتیجے اتکرش نے اس کے بدن پر کچھ جلنے والی اشیاء کو ڈالا اور پھر آگ لگا دی۔جب تک مقامی افراد موقع واردات تک پہنچ پاتے اور آگ کو بجھاتے وجئے 30فیصدی جل چکا تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ وجئے کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ چندر بھوشن اور اتکرش کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔