نئی دہلی 12مارچ:لوک سبھا انتخاب 2024 کے پیش نظر کانگریس نے آج اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں 5 ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام خطہ کے لیے 43 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی) کی میٹنگ میں اس فہرست پر مہر لگائی گئی۔ یہ میٹنگ دہلی واقع پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہوئی تھی جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی اور دیگر کمیتی اراکین شامل ہوئے تھے۔ کانگریس کی دوسری فہرست پر نظر ڈالی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ اس میں عام زمرہ سے 10، او بی سی سے 13، ایس سی سے 10، ایس ٹی سے 9 اور مسلم طبقہ سے ایک امیدوار کو شامل کیا گیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم نے لوک سبھا انتخاب کے لیے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست پہلے ہی جاری کر دی ہے۔ آج ہم دوسری فہرست کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ کل سی ای سی نے میٹنگ کی اور تقریباً 43 ناموں کی فہرست کو منظوری دے دی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گگوئی آسام کے جورہاٹ سے، نکل ناتھ مدھیہ پردیش کے چھندواڑا سے اور راہل کسواں راجستھان کے چورو سے انتخاب لڑیں گے۔ ویبھو گہلوت کو جالور سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔