بھوپال، 11 مارچ (رپورٹر) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے ارونودے چوبے، گنور کے سابق ایم ایل اے شیو دیال باگری اور علی راج پور ضلع کانگریس کے نائب صدر قمر الدین سمیت سات لیڈروں نے پیر کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ ریاستی بی جے پی دفتر میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، ریاستی صدر وشنودت شرما اور نیو جوائننگ گروپ کے ریاستی کنوینر ڈاکٹر نروتم مشرا نے گمچھا پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ باگری 2018 میں کانگریس کے ایم ایل اے تھے۔ اس بار ان کا ٹکٹ کاٹ کر جیون لال سدھارتھ کو دیا تھا جس کے بعد وہ کانگریس سے ناراض چل رہے تھے۔وہیں سابق وزیر اعلیٰ کیلاش جوشی کے بیٹے اور سابق وزیر مملکت دیپک جوشی کی بی جے پی میں واپسی ٹل گئی ہے۔ وہ پیر کو بی جے پی میں شامل ہونے والے تھے۔ جوشی اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ کانگریس نے انہیں کھاتیگاؤں اسمبلی سیٹ سے میدان میں اتارا تھا۔ حالانکہ ہار گئے تھے۔ اب انہوں نے بی جے پی میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے، لیکن وہ پیر کو شامل نہیں ہوسکے۔ اس کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ جلد واپس آجائیں گے۔ اس موقع پر وزراء گووند سنگھ راجپوت، ناگر سنگھ چوہان، پارٹی کی ریاستی وزیر لتا وانکھیڑے، ایم ایل اے شیلیندر جین، ریاستی بی جے پی میڈیا انچارج آشیش اگروال اور ساگر کے ضلع صدر گورو سروٹھیا موجود تھے۔