نئی دہلی 11مارچ: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڈے کے آئین کو تبدیل کرنے کے بیان پر آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو ہٹلر کی یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کو ختم کرنے کی بات آپ کی آمریت والے ’دس سالہ حکومت‘ کا خاتمہ کرے گی۔
چندر شیکھر آزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آئین کو تبدیل کرنا بی جے پی اور آر ایس ایس کی پرانی منشا رہی ہے، بی جے پی رکن پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڈے کا بیان ’400 سیٹیں آئین کو تبدیل کرنے کے لیے‘ اسی منشا کو مزید پختہ کرتا ہے۔‘‘ چندر شیکھر آزاد نے اپنے پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’’جن لوگوں نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جیتے جی جنازہ نکالاہو وہ لوگ ان کے بنائے آئین کو کیسے قبول کر سکتے ہیں۔ بی جے پی مساوات اور جمہوریت کے خلاف ہے۔‘‘ آزاد سماج پارٹی کے سربراہ نے مزید لکھا ہے کہ ’’مودی جی یاد رکھئے ہٹلر بھی ’جمہوریت کی دہائی‘ دے کر اقتدار میں آیا تھا اور اسی نے اپنے ’دس سال کی حکومت‘ میں جمہوریت کو ختم کیا، آپ بھی آئین کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں اور آئین کو ختم کرنے کی بات آپ کی آمریت بھرے ’دس سال کے اقتدار‘ کو ختم کرے گی۔ جب تک ہمارے جسم میں لہو کا آخری قطرہ ہے، اس وقت تک ہم ’آئین کی حفاظت‘ کے لیے جدو جہد کرتے رہیں گے۔‘