کرائسٹ چرچ، 11 مارچ (یو این آئی) ایلکس کیری کے ناٹ آؤٹ 98 رن اور مچل مارش کی 80 رن کی شاندار نصف سنچری کی بدولت دوسرے ٹیسٹ میچ میں 77 رن پر چار وکٹ گنوانے کے بعد مشکلات سے دوچار آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ پر تین وکٹ سے فتح درج کرتے ہوئے سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی۔آج یہاں ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن صبح کے سیشن میں آسٹریلیا نے 25 رن پر ٹریوس ہیڈ کا وکٹ گنوا دیا اور ایسا لگ رہا تھا کہ یہاں آسٹریلیا کی جیت مشکل ہو گی۔ لیکن اس کے بعد ایلکس کیری اور مچل مارش نے تحمل کے ساتھ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹے وکٹ کے لیے 140 رن جوڑے۔ مچل مارش نے 102 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رن بنائے۔ وہ سیئرز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سیئرز نے مچل اسٹارک کو صفر پر آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو ایک بار پھر مشکل میں ڈال دیا۔ اسٹارک کے جانے کے بعد کپتان جو روٹ نے ذمہ داری سنبھالی اور ایلکس کے ساتھ 61 رن جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ایلکس نے 123 گیندوں پر 25 چوکوں کی مدد سے 98 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ جبکہ جو روٹ 32 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے 65 اوورز میں سات وکٹوں پر 281 رن بنائے اور میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے چار وکٹ حاصل کیئ۔ میٹ ہنری کو دو وکٹ ملے جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں راچن رویندرا کے 82 رن، ٹام لیتھم کے 73 رن، کین ولیمسن کے 51 رن اور اسکاٹ کوگیلین کے 44 رن کی مدد سے 372 رن بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 279 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے چار وکٹ حاصل کئے۔ نیتھن لیون کو تین وکٹ ملے۔ مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور کیمرون گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔آسٹریلیا تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 77 رن پر چار وکٹ گنواکر جد و جہد کررہی تھی۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بالنگ کرنے کے کپتان پیٹ کمنز کے فیصلہ کو درست ثابت کیا۔ جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک کی شاندار بالنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 162 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ صبح کے سیشن میں بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ کی شروعات خراب رہی اور اس نے 84 رن پر پانچ وکٹ گنوا دیئے۔ ہیزل ووڈ نے اوپنر ٹام لیتھم کو 38 رن پر آؤٹ کیا، ول ینگ نے 14 رن بنائے اور انہیں مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔ کین ولیمز کو 17 رن، راچن رویندرن کو چار اور ڈیرل مچل کو چار رن پر پویلین بھیجا گیا۔ ٹام بلنڈیل 22 رن ، گلین فلپس دو رن، میٹ ہنری 29 رن، کپتان ٹم ساؤتھی 26 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45.2 اوورز میں 162 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ نے پانچ وکٹ حاصل کئے۔ مچل اسٹارک نے تین وکٹ جبکہ پیٹ کمنز اور کیمرون گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی آسٹریلیا کی شروعات بھی خراب رہی اور 32 کے اسکور پر اس کے دو وکٹ گر گئے۔ اسٹیون اسمتھ 11 رن ، عثمان خواجہ 16 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹریوس ہیڈ 21 اور کیمرون گرین 25 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مارنس لیبوشین نے 90 رن کی اننگز کھیلی۔ نیتھن لیون 20 رن ، ایلکس کیری 14 رن ، مچل اسٹارک 28 رن اور کپتان پیٹ کمنز 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 256 رن بنا سکی۔ تاہم اسے پہلی اننگز کی بنیاد پر 94 رن کی برتری حاصل ہوئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے سات وکٹ حاصل کئے۔ ٹم ساؤتھی، بین سیئرز اور گلین فلپس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔