آپسی رنجش میںدو لوگوں نے نوجوان پر چاقو سے کیا حملہ
بھوپال، 10 مارچ (رپورٹر)شاہ پورہ کے 12 نمبر ملٹی اندرا نگر میں اس ماہ ایک بار پھر قتل اور اقدام قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ شاہ پورہ میں ہفتہ کی دوپہر آپسی رنجش کی بنا پر دو افراد نے مل کر نوجوان پر چاقو سے حملہ کر کے خون آلودہ کر دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔ زخمی کی حالت مستحکم ہے۔پولیس کے مطابق آدرش کدم ولد وجے کدم (24) اندرا نگر میں رہتا ہے، ہفتہ کی دوپہر اس کے محلے میں رہنے والے کرن عرف نرمل اور امن کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوگیا۔ اس جھگڑے کی وجہ سے دونوں ملزمان نے نوجوان کو سڑک پر پکڑ کر اس کی پٹائی کی اور چاقو سے حملہ کردیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔ اس کے علاوہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ فی الحال پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔