بھوپال، 10 مارچ (رپورٹر) نزول رحمت یعنی رمضان المبارک کے ایام سایہ فگن ہونے کو ہیں۔بروز پیرشعبان المعظم کی 29تاریخ ہے اوراس دن رمضان المبارک کا چاند نظرآتاہے تو بروزمنگل 12جون کو پہلا روزہ ہوگا۔بصورت دیگر 30واں چاند ہوکربروز بدھ 13جون کوماہ مقدس کاآغاز ہوجائے گا۔
اسلامی تقویم کے مہینوںمیں عالم اسلام میں رمضان المبارک کا مہینہ انتہائی برکتوں ورحمتوں والا مہینہ شمارہوتاہے۔ماہ مبارک کے استقبال کے لئے مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں بھی اہل ایمان کے ذریعہ تیاریاں اب اپنے نقطۂ عروج کو پہنچ گئی۔مساجد کمیٹی کے تحت رؤیت ہلال کمیٹی کے ذریعہ پیرکو نماز مغرب کے بعد موتی مسجد میں چاند دیکھنے کے لئے میٹنگ ہوگی۔چاند نظرآنے کے بعد شہرقاضی کے ذریعہ ماہ رمضان المبارک کی رؤیت کا اعلان فرمایا جائے گا اوراس کی علامتی اطلاع گولے داغ کردی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق شہرقاضی مولانا سیدمشتاق علی ندوی نے اہل ملت سے اپیل کی ہے کہ وہ رؤیت ہلال کمیٹی کے اعلان سے پہلے گولے داغ کرچاند دکھنے کی اطلاع عام نہ کریں۔کئی بار ایسی اطلاعات غلط ہوتی ہیں جس سے غلط پیغام لوگوں تک پہنچتا ہے اورچاند کے تعلق سے غلط فہمی پیدا ہوتی ہے۔شہرقاضی نے اپیل کی ہے کہ چاند دکھنے کی تصدیق کے بعد ہی اطلاع کو عام کیاجائے۔ اور رمضان المبارک کا استقبال سنجیدگی وشائستگی کےساتھ ہو۔