بھوپال، 9 مارچ (رپورٹر) رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ سایہ فگن ہونے کو ہے، ملک کی سبھی ملی جماعتوں نے پیر کو چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ علمائے کرام نے لوگوں سے اس بابرکت ماہ میں ملک اور قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے لئے دعا کی گزارش کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارت سمیت ایشیاء کے دیگر ممالک میں رمضان کا پہلا روزہ پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ داؤدی بوہرہ برادری اتوار کو پہلا روزہ رکھ کر اس کا آغاز کرے گا۔ جبکہ مسلمان پیر کو موتی مسجد میں جمع ہوں گے اور چاند دیکھنے کا اہتمام کریں گے۔ اس بنا پر تراویح کی نمازیں پیر-منگل کی رات یا منگل- بدھ کی رات سے شروع ہوں گی۔
داؤدی بوہرہ برادری کے قمر الدین داؤدی نے بتایا کہ بوہرہ برادری اتوار کو پہلا روزہ رکھ کر عبادت میں مشغول ہوجائے گی۔ جبکہ شہر کی مختلف مساجد میں ہفتہ کی شام سے عبادات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ قمرالدین نے کہا کہ بوہرہ برادری شہر کی ملا کالونی، سیفیہ روڈ، علی گنج، کوہ فضا، بھان پور سمیت تقریباً 15 مساجد میں رمضان کی خصوصی نماز تراویح ادا کرے گی۔
امت مسلمہ کے لیے ماہ رمضان کا آغاز چاند نظر آنے سے ہوگا۔ اس کے لیے دارالحکومت بھوپال میں رویت ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کے لیے پیر کو موتی مسجد میں جمع ہوگی۔ چاند نظر آنے یا کسی بھی شہر سے تصدیق ہونے پر قاضی شہر سید مشتاق علی ندوی اعلان کریں گے۔ اس کے بعد رمضان المبارک کا آغاز تراویح کی خصوصی نماز سے ہوگا۔ چاند نظر آنے پر پہلا روزہ منگل کو ہوگا۔ چاند نظر نہیں آنے کی صورت میں پہلا روزہ بدھ کو ہوگا۔ آل انڈیا مسلم تہوار کمیٹی کے سکریٹری قاضی سید انس علی ندوی نے کہا کہ رحمتوں، برکتوں اور خصوصی دعاؤں کے اس مہینے کے لیے شہر کی مساجد میں خصوصی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بازاروں میں رمضان کی رونقیں نظر آنے لگی ہیں۔
مسرور احمد مسرور کی بھوپال آمد
بھوپال، 9 مارچ: معروف صحافی و ادیب ہاکی جنرل کے چیف ایڈیٹر، ٹائمز ہاکی اور بینکنگ پلس کے ایڈیٹر جناب مسرور احمد کراچی سے اپنے وطن بھوپال آئے ہوئے ہیں۔ موصوف کا قیام خانو گاؤں میں بسم اللہ مسجد کے مقابل جناب شاہد آفریدی کے مکان پر ہے۔