نئی دہلی 27نومبر: مرکزی حکومت نے انتخابی حلقوں کی حد بندی سے متعلق بل میں کچھ تبدیلیوں کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان تبدیلیوں کے بعد کچھ اپوزیشن پارٹیاں بھی مرکزی حکومت کو حمایت دے سکتی ہیں۔ حالانکہ کانگریس نے اس سلسلے میں بالکل واضح رخ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ حد بندی بل کی مضبوطی کے ساتھ مخالفت کی جائے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے اس بارے میں اپوزیشن پارٹیوں کو متنبہ بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’آسام اور جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کے ذریعہ کرائی گئی حد بندی کی کارروائی ہر سیاسی پارٹی کے لیے ایک واضح تنبیہ ہونی چاہیے۔ یہ کارروائیاں ظاہر کرتی ہیں کہ کس طرح حد بندی کے عمل میں ہیرا پھیری کر سیاسی نمائندگی کو مسخ کیا جا سکتا ہے اور حکمراں پارٹی کے حق میں انتخابی نقشہ دوبارہ ترتیب دیا جا سکتا ہے۔‘‘ یہ بیان پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’آج بی جے پی کے ساتھ عارضی سیاسی گٹھ جوڑ مستقبل میں سیاسی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے ہر سیاسی پارٹی کو خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حدبندی کو خفیہ طریقے سے نافذ کرنے کی بی جے پی کی کوششوں کی واضح انداز میں مخالفت کرنی چاہیے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ حدبندی کمیشن کی تشکیل سے یہ خدشات مزید گہرے ہو جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’چیف الیکشن کمشنر یا چیف الیکشن کمشنر کے نامزد کردہ الیکشن کمشنر اس کمیشن کے عہدے کی مناسبت سے رکن ہوتے ہیں۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے اس عمل کی غیر جانبداری پر بھروسہ کرنے کی کوئی خاص وجہ نظر نہیں آتی، حالانکہ یہ عمل ہندوستان کے انتخابی منظرنامے کو بنیادی طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔‘‘ پون کھیڑا نے مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ حد بندی بل کو جبریہ انداز میں پارلیمنٹ سے پاس کرانے کی کوششوں کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی حکومت کی جانب سے اس بل کو زبردستی منظور کرانے کی کوشش کی سخت مخالفت کرتی ہے۔









