نئی دہلی27نومبر: سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعہ کو مجوزہ حدبندی کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ’سب سے بڑی بھول‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس مشق کا مقصد اتر پردیش کے انتخابی نتائج کو متاثر کرنا ہے۔ مرکزی کابینہ نے جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں خواتین کے ریزرویشن سے متعلق حدبندی کے نئے بل کو منظوری دے دی۔ امکان ہے کہ اسے اگلے ہفتے سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اکھلیش یادو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حدبندی بی جے پی کی سب سے بڑی بھول ثابت ہوگی۔ مرکزی کابینہ کی خصوصی میٹنگ میں منظور کیے گئے بل میں ایسی ترامیم کی گئی ہیں جن کا مقصد حدبندی کے بعد لوک سبھا میں کسی بھی ریاست کی نمائندگی دوسری ریاستوں کے مقابلے میں کم نہ ہونے کو یقینی بنانا ہے۔ اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ جب بی جے پی کو محسوس ہوا کہ اتر پردیش کے انتخابات اس کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں تو اس نے ریاستی انتخابات جیتنے اور پورے ملک کو گمراہ کرنے کے لیے حدبندی کی کارروائی شروع کر دی۔ انہوں نے چندہ چوری اور عقیدت مندوں کے چڑھاوے کی رقم میں مبینہ خرد برد سے متعلق تنازعات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بی جے پی حکومت کے بڑے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے نوٹ بندی کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس سے بھی کوئی متوقع فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے 2016 میں نوٹ بندی کے دوران پیدا ہونے والے ایک بچے ’خزانچی‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی اس کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صدر نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بدعنوانی اور دہشت گردی ختم ہو جائے گی، لیکن آج بدعنوانی کئی گنا بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے قومی سلامتی کے حوالے سے بھی مرکزی حکومت کے دعوؤں کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو یقین دلایا گیا تھا کہ ملک کی سرحدیں محفوظ رہیں گی اور کوئی بھارت کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکے گا، لیکن آج بھی چین کی جانب سے بھارتی علاقے میں دراندازی کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔