نہایت ادب اور سنجیدگی کے ساتھ اہل بھوپال اور تاج المساجد کے متعلقہ ذمہ داران کی توجہ ملک کی “عظیم ترین عبادت گاہ تاج المساجد“کے تقدس اور یہاں قائم دارالعلوم کے معصوم طلبہ کے حقوق کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ تاج المساجد محض ایک مسجد نہیں بلکہ ایک عظیم دینی درسگاہ بھی ہے، جہاں کثیر تعداد میں مہمان طلبہ مقیم ہیں جو دن بھر یہیں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور پنج وقتہ نمازیں ادا کرتے ہیں۔ دراصل ان بچوں کی دیکھ بھال اور ذہنی سکون ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔
گزارش یہ ہے کہ آئے دن مسجد کے احاطے میں نکاح کی تقاریب منعقد ہوتی ہیں، جن کے باعث مسجد کا تقدس اور مدرسے کا تعلیمی و تربیتی ماحول شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ان تقاریب میں غیر شرعی و غیر اخلاقی سرگرمیاں مثلاً فوٹوگرافی، شور و غل اور بدنظمی عام ہو چکی ہے۔ حد تو یہ ہو گئی کہ گزشتہ دنوں ایک نکاح کی تقریب کے دوران باہر سے آئے ہوئے مہمانوں نے مدرسے کے مقیم ان بچوں کو نماز کی صفوں سے زبردستی ہٹا کر پیچھے دھکیل دیا۔جب میں نے اس بات پر اعتراض کیا کہ یہ بچے یہیں مقیم ہیں اور صفوں پر ان کا حق مقدم ہے، تو صورتحال بے قابو ہوگئی اور تلخ کلامی و جھگڑے کی نوبت آ گئی۔ مسجد کے امام صاحب بھی اس سارے ماحول سے بخوبی واقف ہیں۔علاوہ ازیں، نکاح کے بعد جب مٹھائی اور دیگر اشیاء تقسیم کی جاتی ہیں تو وہاں موجود یہ کمسن طلبہ حسرت بھری نگاہوں سے دیکھتے رہ جاتے ہیں، جس سے ان کے معصوم ذہنوں پر انتہائی منفی اثر پڑتا ہے۔ مسجد اللہ کا گھر ہے اور مدرسہ علم کا گہوارہ ،اسے کسی بھی صورت میں انتشار یا تفریح گاہ نہیں بننے دیا جا سکتا۔لہذا،مسجد کی انتظامیہ اور عمائدین شہر سے دردمندانہ اپیل ہے کہ تاج المساجد کےاحاطے میں نکاح کی تقاریب پر فوری اور مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ طلبہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔میری ذاتی رائے تو یہ ہے کہ شرعی و سماجی طور پر بھی نکاح کا انعقاد اسی محلے کی مسجد میں ہونا چاہیے جس محلے یا حلقہ میں دختر نیک اختر(دلہن)کی رہائش ہو، تاکہ مسجد کا تقدس بھی برقرار رہے اور مقیم طلبہ کو بھی کسی قسم کی اذیت نہ ہو۔









