لکھنؤ26نومبر: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر آئین کو کمزور کرنے، جمہوری اداروں کو متاثر کرنے اور ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ووٹ کاٹنے کی کوشش کی گئی تو ملک کا ہر نوجوان اس کے خلاف آواز اٹھائے گا۔ ملکارجن کھڑگے بدھ کو یومِ آئین کے موقع پر لکھنؤ میں اتر پردیش کانگریس کے دفتر نہرو بھون میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر 1949 کو آئین ساز اسمبلی نے ہندوستان کے آئین کو منظور کیا تھا، جس نے ملک کے ہر شہری کو حقوق اور طاقت دی۔ لیکن آج ملک میں دو نظریات کے درمیان لڑائی جاری ہے۔
ایک طرف آئین کے ساتھ کھڑے لوگ ہیں اور دوسری طرف آئین کو کمزور کرنے والے ہیں۔ کھڑگے نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس ابتدا سے ہی آئین کے خلاف رہی ہے اور گزشتہ 12 برسوں میں آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی کوششیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر سے متعلق سابقہ بیان پر بھی تنقید کی۔ کھڑگے نے کہا کہ امبیڈکر کا نام لینا کوئی فیشن نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آئین کے ساتھ دھوکہ ہوتا رہے گا، کانگریس امبیڈکر کا نام لیتی رہے گی۔
ووٹ کے حق اور انتخابی عمل پر بات کرتے ہوئے کانگریس صدر نے ایس آئی آر کے ذریعے ووٹروں کے نام حذف کیے جانے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایس آئی آر اور ای وی ایم کے ذریعے انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابی عمل میں شفافیت یقینی نہیں بنائی جاتی، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا تصور مشکل ہے۔ کھڑگے نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کے عوام نے بی جے پی کے 400 پار کے نعرے کو ناکام بنایا اور اس کے سیاسی رتھ کو روک دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بھی عوام بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔