بھوپال:26؍نومبر:45ویں بین الاقوامی تجارتی میلے میں ایک بار پھر مدھیہ پردیش کو کانسے کا ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں بھارتی تجارتی و فروغ بورڈ کے صدر مسٹر جاوید اشرف نے میلے کے موضوع ’’ترقی اور ورثہ‘‘ کے تحت مدھیہ پردیش پویلین کی بہترین کارکردگی کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے زمرے میں کانسے کا تمغہ عطا کیا۔ مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے مسٹر بی۔ این۔ تیواری، ڈائریکٹر مدھیہ پردیش پویلین نے ایوارڈ حاصل کیا۔ اس موقع پر محکمہ صنعت کے جوائنٹ ڈائریکٹر سمرتھ منڈلوئی سمیت دیگر افسران، مدھیہ پردیش کے فنکار اور دستکار وغیرہ موجود تھے۔ 45ویں بھارتی بین الاقوامی تجارتی میلہ 2026ء میں مدھیہ پردیش پویلین کو میلے کے موضوع ’’ترقی اور ورثہ‘‘ کے مطابق پرکشش انداز میں سجایا گیا تھا۔
پویلین میں ترقی کے مراحل کے طور پر صنعتی شعبے میں مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے بنائی گئی مختلف پالیسیوں اور کامیابیوں کو پیش کیا گیا۔ ان میں ایم ایس ایم ای ڈیولپمنٹ پالیسی 2025ء ، مدھیہ پردیش اسٹارٹ اَپ پالیسی اینڈ امپلی مینٹیشن اسکیم 2025ء ، مدھیہ پردیش الاٹمنٹ آف انڈسٹریل لینڈ اینڈ بلڈنگ اینڈ مینجمنٹ رولز ٹو ایم ایس ایم ای 2025ء اور مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری سے متعلق معلومات کو نمایاں طور پر دکھایا گیا۔ ان پالیسیوں کو حکومت ہند کے نیتی آیوگ نے سرمایہ کاری کے لیے سب سے زیادہ سازگار پالیسیوں کے طور پر سراہا تھا۔ خوشحال کسان، خود کفیل خواتین، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا، سڑکیں، میٹرو اور قابلِ تجدید توانائی کا بنیادی ڈھانچہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے وغیرہ کو پینل اور تصویری سلسلوں کے ذریعے بخوبی پیش کیا گیا۔ جی آئی میپ اور او ڈی او پی میپ کے ذریعے ریاست کی مصنوعات کی معلومات دکھائی گئیں اور ان میں سے بعض مصنوعات کے فروخت کے اسٹال بھی لگائے گئے۔ پویلین میں زری زردوزی اور گونڈ پینٹنگ کا براہِ راست مظاہرہ بھی کیا گیا۔پویلین کے داخلی دروازوں کو مہاکال لوک کی طرز پر بنایا گیا تھا۔ مرکزی داخلی دروازے کو اجین کی ویدھ شالا، وراہ مہر کی فلکیاتی رصدگاہ اور وکرمادتیہ ویدک گھڑی سے سجایا گیا تھا، جس نے قدیم زمانے سے شہر اجین کے وقت کے حساب اور فلکیات کے ایک اہم عالمی مرکز ہونے کی جانب ناظرین کی توجہ مبذول کرائی۔ اس کے علاوہ پویلین میں مدھیہ پردیش کے ورثے کو کھجوراہو مندر، سانچی اسٹوپا، بھیم بیٹھکا، ایکاتم دھام، مہیشور، اندور کے راج واڑہ، گوالیار قلعہ، چونسٹھ یوگنی مندر، مختلف ثقافتی تقریبات، سنہستھ میلہ 2028ء ، ریاست کے مشہور موسیقاروں، گلوکاروں اور ریاست کے دلکش مناظر اور مخصوص مقامات کے پس منظر میں فلمائے گئے ویڈیو کلپس کے ذریعے بھی پیش کیا گیا۔ پویلین میں جنگلی حیات سے متعلق دیوار نے بھی ناظرین کی توجہ مبذول کرائی، جس کے ذریعے ناظرین کو جنگلی حیات کے تحفظ میں مدھیہ پردیش ریاست کے تعاون سے واقف کرایا گیا۔
مدھیہ پردیش کی مالا مال فنکارانہ روایات اور دیسی دستکاری کے ہنر کو زری زردوزی، ڈوکرا، لوہے کی دستکاری، گونڈ پینٹنگز، موتیوں کے زیورات اور بیل میٹل کرافٹ کے ذریعے میلے میں آنے والے ناظرین تک پہنچایا گیا۔ پویلین میں نصب متحرک کائنیٹک ’’ایل ای ڈی‘‘ پر مسلسل بصری مظاہرے کے ذریعے ریاست کی ترقی اور ورثے کی کہانی بیان کی گئی۔
مدھیہ پردیش پویلین کو ’’ترقی اور ورثہ‘‘ کے موضوع کے مطابق مختلف معلومات سے سجایا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش پویلین میں 7 سرکاری محکموں / کارپوریشنوں اور بورڈز، 49 مائیکرو، چھوٹی اور درمیانی درجے کی اکائیوں، 12 اسٹارٹ اَپس اور 2 کلسٹرز نے شرکت کی ہے۔ اس کے علاوہ دو دستکاروں نے اپنے فن کا براہِ راست مظاہرہ کیا۔ اس سے قبل گزشتہ 19 نومبر کو مسٹر ستیندر بھوشن سنگھ، صدر مدھیہ پردیش ل?و ادیوگ نگم نے مدھیہ پردیش پویلین میں چراغ روشن کرکے مدھیہ پردیش ڈے کی تقریب کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقع پر ایم ایس ایم ای کے سکریٹری مسٹر جان کنگزلے، ایم ایس ایم ای محکمہ کے کمشنر مسٹر کمار پرشوتم اور ایم ایف پی پارک و وندھیا ہربل کی سی ای مس سیتانجلی جے بھی موجود تھیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ بھارتی بین الاقوامی تجارتی میلہ 2026ء، 13 سے 27 نومبر کے درمیان انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (ITPO) کے ذریعے منعقد کیا گیا۔ اس میلے میں مختلف ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، حکومت ہند کی مختلف وزارتوں کے علاوہ مختلف ممالک نے بھی شرکت کی۔ عام شہریوں کے فائدے کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے فلاحی اسکیموں اور حکومت ہند کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کی حصولیابیوں کو پیش کیا گیا، نیز اس میلے کے ذریعے تجارت، صنعت اور خدمات کے شعبوں کو فروغ دیا گیا۔ اس سے دیسی مصنوعات کی برآمدات، بین الاقوامی سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، جس سے معیشت مزید ترقی کرے گی اور اسے عالمی سطح کی شناخت حاصل ہوگی۔









