بھوپال:26؍نومبر:ناتھو بر کھیڑاواقع بین الاقوامی اسپورٹس کامپلیکس میں بین الاقوامی کھیل دوستی، اتحاد اور ماحولیاتی تحفظ کی علامت کے طور پر تیار کی گئی ’کھیل واٹیکا‘ کا افتتاح وزیر کھیل اور نوجوان بہبود مسٹر وشواس کیلاش سارنگ نے کیا۔ اس موقع پر ایشین ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر اور ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری مسٹر بھولا ناتھ اور بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (FIH) کے صدر مسٹر محمد طیب اکرام خصوصی طور پر موجود رہے۔کھیل واٹیکا کی سب سے خاص کشش یہ ہے کہ مدھیہ پردیش ایشین ویمنس ہاکی چیمپئنس ٹرافی-2026 میں حصہ لینے والے تمام چھ ممالک کی خواتین ہاکی ٹیموں کی کھلاڑیوں نے خود شجرکاری کی ہے۔ تمام شریک ممالک کی کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے پودے لگائے۔ ہر پودا متعلقہ ملک کی شرکت، بین الاقوامی دوستی اور ماحولیاتی تحفظ کے تئیں اجتماعی عہد کی علامت ہے۔
وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ کھیل واٹیکا بین الاقوامی کھیل دوستی، اتحاد اور ماحولیاتی تحفظ کی ایک منفرد علامت ہے۔ ایشین ویمنس ہاکی چیمپئنس ٹرافی میں حصہ لینے والے تمام چھ ممالک کی کھلاڑیوں نے خود شجرکاری کرکے اس واٹیکا کو خصوصی شناخت دی ہے۔ مختلف ممالک کی کھلاڑیوں کے لگائے ہوئے یہ پودے کھیل جذبے سے آگے بڑھ کر باہمی دوستی، خیرسگالی اور قدرت کے تحفظ کا پیغام دیں گے۔ کھیل واٹیکا ناتھو برکھیڑابین الاقوامی اسپورٹس کامپلیکس کی مستقل وراثت بنے گی اور آنے والی نسلوں کو کھیلوں کے ساتھ ماحولیات کے تئیں اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے ترغیب دے گی۔ہاکی انڈیا اور محکمہ کھیل و نوجوان بہبود کی اس مشترکہ پہل کا مقصد کھیلوں کو صرف مقابلے اور تمغوں تک محدود نہ رکھتے ہوئے انہیں سماجی سروکاروں، ماحولیاتی تحفظ اور عالمی خیرسگالی سے جوڑنا ہے۔ کھیل واٹیکا میں لگائے گئے پودے اس بین الاقوامی مقابلے کی یادوں کو طویل عرصے تک زندہ رکھیں گے۔ مستقبل میں یہاں آنے والے بین الاقوامی کھلاڑی بھی شجرکاری کرکے اس روایت کو آگے بڑھا سکیں گے۔کھیل واٹیکا کے افتتاح کے بعد وزیر مسٹر سارنگ نے ایشین ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر مسٹر بھولا ناتھ اور بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کے صدر مسٹر محمد طیب اکرام کے ساتھ اسپورٹس ولیج کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے دستیاب رہائشی انتظامات، سہولیات اور احاطے میں تیار کیے گئے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا۔
بین الاقوامی ہاکی عہدیداروں نے بھی اسپورٹس ولیج کے انتظامات اور کھلاڑیوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔