پٹنہ، 9 مارچ (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق قومی صدر امیت شاہ نے کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر پسماندہ-انتہائی پسماندہ مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی کا واحد مقصد اپنے بیٹے کو وزیر اعظم اور لالو پرساد یادو کا اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنانا ہے تو یہ وہ غریبوں کا بھلا کیسے کر سکتے ہیں؟
ہفتہ کو پالی گنج میں بی جے پی کی پسماندہ-انتہائی پسماندہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا ’’کانگریس کی سونیا گاندھی کا واحد مقصد راہل گاندھی کو وزیر اعظم بنانا ہے اور لالو جی کا واحد مقصد اپنے بیٹے کو وزیر اعلیٰ بنانا ہے۔ جو لوگ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں کیا وہ غریبوں کے بیٹوں اور بیٹیوں کا کوئی بھلا کر سکتے ہیں؟ اگر کوئی پسماندہ، انتہائی پسماندہ، دلتوں اور غریبوں کا بھلا کر سکتا ہے تو وہ صرف وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ مسٹر مودی نے پچھلے دس سالوں میں پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کے لیے بہت کچھ کیا ہے، لیکن کانگریس جس کی گود میں لالو جی بیٹھے ہیں، اس نے ہمیشہ پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کی توہین کی ہے۔