بھوپال:25؍نومبر:مدھیہ پردیش میں مقررہ وقت پر، منظم طریقے سے اور مکمل درستگی کے ساتھ مردم شماری 2027 مکمل کرانے کی تیاریوں کے تحت بھوپال واقع آر سی وی پی نرونہا اکیڈمی برائے انتظامیہ و انتظامی امور میں ریاستی سطح کی کانفرنس اور تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ محکمہ مردم شماری، مدھیہ پردیش اور محکمہ داخلہ، حکومت مدھیہ پردیش کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ اس کانفرنس میں ریاست کے چیف سکریٹری مسٹر اشوک برنوال، ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) مسٹر سنجے کمار شکلا، حکومت ہند کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مردم شماری مسٹر وشواجیت داس سمیت سینئر انتظامی افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ریاست کے تمام ڈویڑنل کمشنروں، 55 اضلاع کے کلکٹرس، میونسپل کارپوریشن کمشنروں اور مردم شماری کے کام سے وابستہ ریاستی و ضلعی سطح کے افسران کو آئندہ مردم شماری کی تیاریوں، انتظامی ذمہ داریوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تربیتی نظام کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد مردم شماری کے پہلے مرحلے (مکانات کی فہرست سازی اور مکانات کی گنتی) میں ریاست کی کامیابیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ دوسرے مرحلے (آبادی کی گنتی) کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا اور ڈیجیٹل خود شماری کے عمل سے انتظامی عملے کو واقف کرانا تھا۔ کانفرنس میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ مردم شماری محض آبادی کی گنتی نہیں ہے بلکہ آئندہ برسوں میں تعلیم، صحت، سماجی تحفظ، بنیادی ڈھانچے، روزگار، نقل و حمل اور معاشی ترقی سے متعلق منصوبوں کی تیاری اور وسائل کی مناسب تقسیم کی ایک اہم بنیاد ہے۔
چیف سکریٹری نے مردم شماری کے کام کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی
چیف سکریٹری مسٹر اشوک برنوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مردم شماری سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا معیار اور اعتبار ملک اور ریاست کے ترقیاتی منصوبوں پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ ملک کی وسیع آبادی کے لیے تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور سماجی تحفظ سے متعلق منصوبوں کی مؤثر منصوبہ بندی مستند اعداد و شمار پر منحصر ہے۔ اگر اعداد و شمار جمع کرنے کی بنیاد کمزور ہوگی تو اس کی بنیاد پر تیار کی جانے والی پالیسیاں اور منصوبے بھی متاثر ہوں گے۔ اس لیے مردم شماری کا کام انتہائی سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ مکمل کرانا ضروری ہے۔
چیف سکریٹری نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ ٹرینرس کے تربیتی پروگراموں میں خود موجود رہیں اور تربیت کی ذمہ داری صرف ماتحت افسران پر نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے میدانی کام کا معیار تربیت پر منحصر ہوتا ہے، اس لیے ابتدائی سطح سے ہی افسران اور ملازمین کو تمام ہدایات کی واضح معلومات ہونا ضروری ہے۔ شہری علاقوں میں مردم شماری کے کام کی پیچیدگی کو دیکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن کمشنر خود قیادت اور نگرانی کی ذمہ داری سنبھالیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مجوزہ آبادی کی گنتی کے میدانی کام کو انتظامی ترجیحات میں سب سے اعلیٰ مقام دیا جائے۔ کام میں کسی بھی طرح کی لاپروائی یا عدم دلچسپی سامنے آنے پر ابتدائی مرحلے میں ہی ضروری کارروائی یقینی بنائی جائے۔چیف سکریٹری نے مردم شماری کے اعداد و شمار کے کثیرالجہتی تجزیے میں مصنوعی ذہانت جیسی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے اعداد و شمار خواتین کی افرادی قوت میں شمولیت، فی کس آمدنی، ہنرمندی کی ترقی اور روزگار پر مبنی پالیسیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے محکمہ مردم شماری کو ہدایت دی کہ حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ 31 سے زائد سرکلرس اور رہنما ہدایات کو یکجا کرکے ایک جامع ہینڈ بک تیار کی جائے، تاکہ میدانی افسران کو تمام ضروری معلومات ایک ہی جگہ دستیاب ہو سکیں۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) مسٹر سنجے کمار شکلا نے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ مدھیہ پردیش نے مردم شماری کے پہلے مرحلے (مکانات کی فہرست سازی اور مکانات کی گنتی) میں ملک کی سرکردہ ریاستوں میں مقام حاصل کیا ہے۔ اب دوسرے مرحلے میں ریاست کو ملک میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاست بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے اعداد و شمار صرف آبادی سے متعلق معلومات تک محدود نہیں ہیں بلکہ ان کا استعمال مختلف شعبوں کی ضروریات اور ترقی کے امکانات کا اندازہ لگانے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹوموبائل کے شعبے میں دو پہیہ گاڑیوں کی سالانہ 18 فیصد شرح سے بڑھتی ہوئی تعداد کے اعداد و شمار کے تجزیے سے دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی، آبپاشی کے دائرے میں توسیع، فصلوں کے طریقہ کار میں تبدیلی اور کسانوں کی دیہی اضافی آمدنی جیسے اہم پہلوؤں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح اسکول، اسپتال، سڑک، عوامی نقل و حمل اور صارفین کی اشیاء￿ کی مانگ سے متعلق منصوبوں کی تیاری میں بھی مستند اعداد و شمار اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام ضلعی افسران سے اپیل کی کہ وہ حکومت ہند کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات کا سنجیدگی سے مطالعہ کریں، باہمی تال میل برقرار رکھیں اور دیگر ریاستوں کے بہترین طریقہ کار کا مطالعہ کرکے انہیں ریاست میں اختیار کریں۔
پہلی مرتبہ مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے ہوگی مردم شماری
حکومت ہند کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مردم شماری مسٹر وشواجیت داس نے مردم شماری 2027 کے قومی خاکے، تکنیکی جدت، قانونی دفعات اور اعداد و شمار کے تحفظ کے نظام کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ مردم شماری کے دوران شہریوں سے حاصل کی جانے والی ذاتی معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جاتا ہے۔ مردم شماری کے اعداد و شمار حلقہ بندی، مالیاتی کمیشن کی سفارشات اور مرکزی و ریاستی حکومت کی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کی تیاری میں اہم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ پہلی بار مردم شماری کا مکمل عمل ڈیجیٹل طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے۔ مردم شماری کرنے والے اہلکار موبائل ایپ کے ذریعے معلومات جمع کریں گے۔ وہیں مردم شماری کے بلاکس کی ڈیجیٹل حد بندی اور جغرافیائی دائرہ کار کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل میپنگ ایپلی کیشن اور انتظامی نگرانی کے لیے سی ایم ایم ایس پورٹل کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سے ہر علاقے اور مکان کا ریکارڈ منظم طریقے سے درج کرنے اور مردم شماری کے کام کی پیش رفت کی نگرانی کرنے میں سہولت ہوگی۔کانفرنس میں محکمہ مردم شماری، مدھیہ پردیش کے ڈائریکٹر مسٹر سنجیو شریواستو اور ایڈیشنل سکریٹری (داخلہ) و ریاستی نوڈل افسر مسٹر آشیش بھارگو نے مختلف تکنیکی اور تربیتی اجلاسوں کی کارروائی انجام دی اور تربیت فراہم کی۔