پٹنہ: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کی صبح بہار کے ریت کے تاجر سبھاش یادو کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی یہ چھاپہ ماری داناپور میں سبھاش یادو کی رہائش گاہ کے علاوہ مرچھیا دیوی اپارٹمنٹ، دانا پور میں واٹر پلانٹ، شاہ پور تھانہ کے تحت دفتر اور دیگر مقامات پر جاری تھی۔سبھاش یادو ریت کے کاروبار سے منسلک بریڈسن کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ڈائریکٹر ہیں اور انہیں راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو کا قریبی قرار دیا جاتا ہے۔ ریت کے تاجر سبھاش یادو کے گھر یا احاطے پر یہ پہلا چھاپہ نہیں ہے، اس سے پہلے بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ ساتھ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے ان کے احاطے کی تلاشی اور چھاپہ مارا تھا۔ سبھاش یادو ماضی میں راشٹریہ جنتا دل کے ٹکٹ پر چترا لوک سبھا حلقہ سے الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔ رپورٹ میہں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی کو ماضی میں ریت کے کاروبار سے متعلق بے ضابطگیوں کے حوالے سے کئی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقاتی ایجنسی کو تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ماضی میں بھی ان کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ اسی سلسلے میں ہفتہ کی صبح انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی مختلف ٹیموں نے سبھاش یادو کی رہائش گاہ سمیت نصف درجن مقامات پر چھاپے مارے۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک چھاپہ مار کارروائی جاری تھی۔ سیکورٹی کے نقطہ نظر سے سبھاش کی رہائش گاہ اور دیگر مقامات پر بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔