لکھنو22 نومبر: سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نعرے ’رادھے رادھے، کمل کھلا دے‘ پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کا انتخابی نشان ’کمل‘ مرجھا چکا ہے اور اسے دوبارہ کھلانے کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر کمل پہلے سے کھلا ہوا ہے تو اسے دوبارہ کھلانے کی اپیل کیوں کی جا رہی ہے؟ اتوار کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اکھلیش یادو نے اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے بیان پر بھی ردعمل ظاہر کیا۔ موریہ نے کہا تھا کہ سماج وادی پارٹی کے جو رہنما پہلے ’جے شری رام‘ کہنے سے کتراتے تھے، وہ اب ’رادھے رادھے‘ سن کر بے چین ہو جاتے ہیں۔
اس پر اکھلیش یادو نے کہا، ’’میں انہیں (کیشو پرساد موریہ کو) اپنی زندگی میں کبھی اپنے گھر نہیں بلاؤں گا، لیکن آپ (صحافی) کا ہمارے گھر میں خیرمقدم ہے۔ ہم آپ کو ’رادھے رادھے‘ دکھائیں گے۔‘‘ بی جے پی کے نعرے پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’رادھے رادھے، کمل کھلا دے… تو جائیے اور اسے کھلائیے۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ کمل مرجھا گیا ہے؟ آپ کو (بی جے پی کو) اسے دوبارہ کھلانے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ اس کا مطلب ہے کہ یہ (کمل) مرجھا چکا ہے۔‘‘ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر مذہبی جذبات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی مذہبی کتھاؤں اور وعظ و نصیحت کے خلاف نہیں ہے، لیکن ہندو دیوی دیوتاؤں کے بارے میں متنازع بیانات پر اسے اعتراض ہے۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا، ’’سماج وادی پارٹی کتھا کے خلاف نہیں ہے، لیکن بھگوان شری رام کے والد کے بارے میں کیا کہا گیا اور ہمارے بھگوان کرشن کے بارے میں کس طرح کے تبصرے کیے گئے؟ یہ وہی بی جے پی کے لوگ ہیں جنہوں نے ایک مرتبہ اپنے پروگرام میں بھگوان ہنومان کو نچوایا تھا۔‘‘ اکھلیش یادو کے ان تبصروں کو حال ہی میں کتھا واچک دھریندر کرشن شاستری کی جانب سے بھگوان رام اور بھگوان کرشن کے بارے میں کیے گئے مبینہ متنازع بیانات سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ شاستری اتر پردیش کے کنڈا میں رام کتھا کرنے پہنچے تھے۔ سڑک حادثات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کے معاملے میں ہندوستان 170 ممالک سے آگے ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش میں ایک سال کے اندر سڑک حادثات میں ہونے والی اموات میں تقریباً 82 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اکھلیش یادو نے ارجن گنج حادثے سے متاثرہ خاندان کو امداد فراہم کرنے میں حکومت پر امتیازی سلوک کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کے مطابق متاثرہ خاندان پچھڑے، دلت اور اقلیتی (پی ڈی اے) طبقے سے تعلق رکھتا ہے۔









