شارجہ، 8 مارچ (یو این آئی) رحمان اللہ گرباز کی 121 رن کی سنچری اور پھر فضل الحق فاروقی کی چار وکٹوں کی شاندار گیند بازی کی بدولت افغانستان نے ون ڈے میچ میں آئرلینڈ کو 35 رن سے شکست دی۔آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر رحمان اللہ کے 121 رن کی سنچری والی اننگز ، اس کے بعد ابراہیم زدران کے 60 رن اور کپتان حشمت اللہ شاہدی کے 50 رن کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت افغانستان نے 310 رن بنائے۔ محمد نبی نے 40 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 19 رن بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے تھیو وان وورکوم نے تین وکٹ حاصل کئے۔ کریگ ینگ اور گراہم ہیوم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔جواب میں آئرش ٹیم 311 رن کے ہدف کے تعاقب میں 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنا سکی اور 35 رنوں سے میچ ہار گئی۔
آئرلینڈ کی جانب سے لورکن ٹوکی نے 85 رن بنائے۔ ہیری ٹییکٹر نے نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 138 رن کی سنچری اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ آئرلینڈ کی جانب سے کوئی اور بلے باز ڈبل فیگر تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ رحمان اللہ گرباز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 4 وکٹ حاصل کئے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے دو وکٹ لئے جبکہ گلبدین نائب اور نور احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔