بھوپال، 16 نومبر: راجدھانی بھوپال کے مجوزہ ماسٹر پلان 2047 کے مسودے پر موصول ہونے والے 13400 سے زائد اعتراضات پر پیر سے لال گھاٹی واقع حضور تحصیل دفتر میں ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ (ٹی اینڈ سی پی) کے افسران نے سماعت شروع کر دی ہے۔ پہلے دن رکنِ پارلیمنٹ آلوک شرما، ایم ایل اے رامیشور شرما اور بھگوان داس سبنانی سمیت عوامی نمائندوں کی موجودگی میں رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی تجویز اور غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ چھایا رہا۔ سماعت کے دوران اس وقت ماحول گرم ہو گیا جب ریٹائرڈ آئی اے ایس کویندر کیاوت نے مجوزہ مغربی بائی پاس منصوبے کو غیر مناسب قرار دیا، جس پر ایم ایل اے رامیشور شرما نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور کمشنر ان کے دور میں بی ڈی اے کی پانچ کالونیوں کو خلافِ ضابطہ اجازت دی گئی تھی، تاہم بعد میں کیاوت نے وضاحت کی کہ ان کی بات کو غلط سمجھا گیا۔ اسی طرح ریٹائرڈ اے ڈی جی پون جین کے اس بیان پر بھی ایم ایل اے نے ناراضگی جتائی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اب وہ دوستوں کو بھوپال کے بجائے صاف ستھرے اندور آنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
دوسری جانب رکنِ پارلیمنٹ آلوک شرما نے بتایا کہ سماعت کے دوران ایک رہائشی عمارت کو مسودے میں گرین بیلٹ دکھانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر انہوں نے خود بھی اعتراض درج کرایا ہے۔ رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف 4 ہزار سے زائد اعتراضات داخل کیے گئے ہیں، جبکہ مقامی رہائشی وویک ترپاٹھی نے کلکٹر اور ذمہ دار افسران کی غیر حاضری اور اریرا کالونی کے بزرگوں کے لیے 15 کلومیٹر دور سماعت رکھے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر 10 نمبر مارکیٹ کے اطراف غیر قانونی عمارتوں کو تحفظ دینے جیسی بے ضابطگیاں دور نہ ہوئیں تو سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایل اے رامیشور شرما نے مغربی بائی پاس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تعمیر سے بیتول و ناگپور سے اندور جانے والوں کا 40 کلومیٹر کا چکر گھٹ کر 13 کلومیٹر رہ جائے گا، نیز آئندہ سنہستھ کمبھ اور بڑھتی آبادی کے پیشِ نظر بہتر ٹریفک اور زمین بچانے کے لیے کثیر المنزلہ تعمیرات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔