بھوپال 16نومبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ریاست کے ہر طبقے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ قبائلی سماج کا وقار، خود اعتمادی، ثقافت اور خود کفالت ریاستی حکومت کی خصوصی ترجیحات ہیں۔ ریاستی حکومت قبائلی طبقے کو ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑ کر ان کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور ہمہ جہت ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ قبائلی سماج کے سادہ طرز زندگی، شاندار روایات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ خود کفیل ہونا ہی ترقی کی پہلی سیڑھی اور پہلی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ قبائلی سماج اپنی قدیم روایات کو محفوظ رکھتے ہوئے تعلیم، صحت، روزگار اور ہنر مندی کی ترقی کے ہر موقع سے وابستہ ہو اور خود کفالت کے ساتھ نئی بلندیوں کو حاصل کرے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو پیر کو کھنڈوا میں منعقدہ ریاستی سطح کے قبائلی گورودیوس اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ریاستی سطح کے قبائلی گورو اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے میونسپل کارپوریشن کھنڈوا میں 16.97 کروڑ روپے کی لاگت سے 30 ہزار مربع فٹ رقبے پر تعمیر شدہ 5 منزلہ نئی دفتر کی عمارت کا افتتاح کرکے کھنڈوا کے باشندوں کو یہ تحفہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھنڈوا میں داداجی دھونی والے کے سمادھی مقام کو شاندار شکل دی گئی ہے۔ وہیں اومکاریشور میں 2500 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ قومی شناخت کے تحفظ اور آزادی کی جدوجہد میں قبائلی بہادر ہیروز کی خدمات بے مثال رہی ہیں، لیکن بدقسمتی سے تاریخ کے صفحات میں انہیں مناسب مقام نہیں ملا۔ ہماری حکومت نے ان عظیم ہیروز کی بہادری، جدوجہد اور قربانیوں کو مناسب عزت دینے کے لیے ان کے نام پرگورودیوس، یادگاریں اور اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کرنے کے ساتھ ہی ان کے جائے کارِ عمل پر کابینہ کی میٹنگیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ویرانگنارانی درگاوتی کے احترام میں 2 مقامات، جبل پور اور سنگرام پور میں، اور راجا بھبھوت سنگھ کی یاد میں پچمڑھی میں ہم کابینہ کی میٹنگ کر چکے ہیں۔ رانی درگاوتی کے نام پر ہم نے کو دو کٹکی (شری انّ) ترغیبی اسکیم شروع کی ہے۔ ہم قبائلی عظیم شخصیات کے نام پر یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالج بھی کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈلا میں راجا شنکر شاہ اور کنور رگھوناتھ شاہ کے نام پر میڈیکل کالج بنایا جا رہا ہے۔ ہم نے کھرگون میں کرانتی سوریہ ٹنٹیا بھیل کے نام پر اور گنا میں تاتیا ٹوپے کے نام پر یونیورسٹیاں قائم کی ہیں۔ مہو میں ریلوے اسٹیشن بھی بنایا ہے۔

وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی 151ویں سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھگوان برسا منڈا حقیقی معنوں میں عظیم انسان تھے۔ انہوں نے محض 25 سال کی کم عمری میں اس وقت کی انگریزی حکومت کے ظالمانہ طریقوں اور قوانین کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ملک کے لیے اپنی زندگی قربان کر دی۔ انہوں نے مادر وطن کی مٹی، قدیم ثقافت اور خود اعتمادی کے تحفظ کے لیے انگریزوں سے لڑ کر پورے ملک کو ترغیب دی۔ اپنے اعمال اور اصولوں کی بنیاد پر ملک کے لیے قربانی دینے کے سبب ہی وہ اپنی مختصر زندگی میں انسان سے بھگوان بن گئے۔ ایسے بہادر ہیرو کی 151ویں سالگرہ پر مدھیہ پردیش میں 3 دن تک ریاستی سطح کے پروگرام اور ایک ہفتے تک ریاست کے تمام اضلاع، کالجوں، ہاسٹلوں اور عوامی مقامات پر تقریباً 1500 سے زیادہ قبائلی گورودیوس کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔