بھوپال، 15 نومبر۔ آئندہ 19 سے 28 نومبر تک بھوپال میں ہونے والی ایشین ویمنس ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے سلسلے میں راجدھانی پوری طرح ہاکی کے رنگ میں رنگین ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی خواتین ہاکی کے اس باوقار مقابلے کے استقبال میں اتوار کو کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر مسٹر وشواس کیلاش سارنگ کی قیادت میں شاندار ہاکی واکاتھون کا انعقاد کیا گیا۔ ہوٹل لیک ویو رنجیت سے ون وہار تک نکالی گئی اس واکاتھون میں اولمپین اور بین الاقوامی ہاکی کھلاڑی وویک ساگر سمیت سابق بین الاقوامی ہاکی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
واکاتھون کا سب سے دلکش منظر اس وقت دیکھنے کو ملا، جب ہزاروں نوجوان ہاتھوں میں ہاکی اسٹک لیے سڑکوں پر اتر آئے۔ وزیر مسٹر سارنگ اور کھلاڑیوں نے بھی ہاکی اسٹک کے ساتھ سڑک پر ہاکی کھیل کر لوگوں کو اس کھیل سے جڑنے اور آئندہ بین الاقوامی مقابلے کے تئیں بیدار کیا۔ سڑک پر ہاکی کھیلتے کھلاڑیوں اور نوجوانوں کے جوش و خروش نے پورے پروگرام کو ایک منفرد کھیل کے جشن میں تبدیل کر دیا۔واکاتھون میں بھوپال شہر کے کھلاڑیوں، دانشوروں، تاجر طبقے، فٹنس کے شوقین افراد، نوجوانوں اور بڑی تعداد میں عام شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ پورے راستے ہاکی کے تئیں جنون اور آئندہ بین الاقوامی مقابلے کو لے کر جوش و جذبہ دکھائی دیا۔ اس پروگرام کے ذریعے شہر کے لوگوں کو ایشین ویمنس ہاکی چیمپئنز ٹرافی سے جوڑنے اور بھوپال کو ہاکی کے جشن میں شریک بنانے کا پیغام دیا گیا۔وزیر مسٹر سارنگ نے کہا کہ بھوپال اور ہاکی کا قدیم اور قابل فخر تعلق رہا ہے۔ بھوپال نے ملک کو کئی باصلاحیت ہاکی کھلاڑی دیے ہیں، جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔









