بھوپال 14نومبر: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ سنگِ مرمر کے شہر جبل پور کو اب ملک میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی پہچانا جائے گا۔ جبل پور سے دوسرے شہروں کو بھی صفائی ستھرائی کا سبق ملے گا۔ ہمارے صفائی ملازمین کی محنت کے نتیجے میں ہی مدھیہ پردیش کو یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سناتن ثقافت میں دیوالی سے پہلے صفائی ستھرائی کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ دیوالی کے موقع پر ماں لکشمی کے ساتھ صفائی کی علامت جھاڑو کی بھی پوجا کی جاتی ہے۔ شیتلا ماتا کو صفائی کی دیوی مانا جاتا ہے۔ ہمارے دیوی دیوتا بھی سماج کو صفائی ستھرائی کے لیے ترغیب دیتے ہیں۔ میں جبل پور کے تمام بھائیوں، بہنوں اور صفائی دوستوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ جبل پور کو ملک کا دوسرا سب سے صاف ستھرا شہر بنانے میں مقامی عوامی نمائندوں کا بھی خصوصی تعاون رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر جبل پور کو ملک کا نمبر ایک شہر بنانے کا عزم کریں۔ مختلف زمروں میں گوالیار، اجین، ریوا، دیپال پور، بدھنی، ساگر اور دیواس سمیت مدھیہ پردیش کے شہروں کو 27 میں سے 9 ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ہفتہ کے روز جبل پور کے مانس بھون میں ’’صفائی دوست اعزاز‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ خیالات ظاہر کیے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے چراغ روشن کرکے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے تقریب میں شریک صفائی دوستوں پر پھولوں کی بارش کرکے ان کا استقبال کیا، انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے صفائی ملازمین کی کوششوں کو صاف ستھرے اور خوبصورت معاشرے کی تعمیر کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ جبل پور نے صفائی سروے کے ہر پیمانے پر اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ جبل پور میونسپل کارپوریشن کو 182 سی این جی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے اسٹیشن اور مربوط ٹھوس کچرا انتظامی منصوبے کے لیے ریاستی اور مرکزی حکومت کی جانب سے 75 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے سوچھ بھارت کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے صحت مند مسابقت کا آغاز کیا۔ وزیر اعظم مسٹر مودی نے صفائی دوستوں کی حفاظت کے لیے نمستے یوجنا شروع کی ہے، جس کے تحت حفاظتی آلات اور صحت کی جانچ جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ صفائی ملازمین کو بھی آیوشمان یوجنا کا فائدہ ملے گا۔ انہوں نے تمام صفائی ملازمین سے اپنے آیوشمان کارڈ بنوانے کی اپیل بھی کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مرکزی وزیر مسٹر منوہر لال کی جانب سے صفائی کے تحفظ کے بعد شہروں کو صاف ستھرا شہر قرار دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ جبل پور پر ماں نرمدا کی خصوصی کرپا ہے۔ ریاستی حکومت نے جبل پور-بھوپال-اندور اقتصادی کوریڈور کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ آر جی پی وی کے تین حصوں میں سے ایک یونیورسٹی جبل پور میں بھی قائم ہونے والی ہے۔ ہم مہاکوشل خطے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پْرعزم ہیں۔ آنے والا وقت جبل پور کا ہوگا اور مہاکوشل خطے کو کئی بڑی سوغاتیں ملیں گی۔ وزیر اعظم مسٹر مودی کی قیادت میں جبل پور سمیت مدھیہ پردیش کے تمام شہر ترقی کریں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 15 نومبر کو دھرتی آبا برسا منڈا کا یومِ پیدائش ہے۔ ریاستی حکومت قبائلی ہیروز کو مکمل احترام دیتے ہوئے تقریبات کا انعقاد کر رہی ہے۔ قبائلی ہیرو برسا منڈا کے یومِ پیدائش کے ہفتے کی ریاست میں آج سے شروعات ہو رہی ہے۔ ویرانگنا رانی درگاوتی اور راجہ شنکر شاہ-رگھوناتھ شاہ کے شہر جبل پور میں پہلی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔
میئر مسٹر جگت بہادر سنگھ انّو نے کہا کہ صفائی سروے 2025-26 میں جبل پور کو صفائی ستھرائی کے معاملے میں ملک بھر میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ کورونا کے دور میں صفائی دوستوں نے فوجیوں کی طرح کام کیا۔ ہمارے صفائی کے سپاہیوں کی بدولت ہی جبل پور اور گوالیار کو ایوارڈ حاصل ہوئے اور ریاست کے باشندوں کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں عوامی نمائندوں، صفائی ملازمین، ان کے اہلِ خانہ اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔