بدایوں 8 مارچ (یو این آئی) اترپردیش کے ضلع بدایوں کے مجاریہ علاقے میں شراب پینے سے منع کرنے پر ایک شخص نے پٹرول چھڑک کر اپنی بیوی کو زندہ جلا دیا۔اسے بچانے کی کوشش میں بزرگ ساس بھی جھلس گئی جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مجاریہ تھانہ علاقہ کے گاؤں نتھوا کا رہنے والا منیش سکسینہ شراب نوشی کا عادی ہے اور وہ ہر روز اپنی بیوی کے ساتھ مار پیٹ کرتا تھا۔ چند ماہ قبل منیش نے اپنی آٹھ لاکھ روپے کی زمین بیچ دی تھی جس میں سے اس نے فروری میں اپنی بیٹی کی شادی چار لاکھ روپے سے کر دی تھی اور باقی رقم شراب پر خرچ کر دی۔منیش کے شراب کے عادی ہونے کی وجہ سے گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ اس کی بیوی شنو (40) شراب پینے سے روکتی تھی تو وہ اس کے ساتھ مارپیٹ کرتا تھا۔