پٹنہ 7نومبر: کیا بہار میں کوئی بڑا سیاسی الٹ پھیر ہونے والا ہے؟ رکن اسمبلی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما بھائی ویریندر کے دعوے کے بعد یہ سوال اٹھنے لگا ہے۔ دراصل آر جے ڈی رہنما بھائی ویریندر نے دعویٰ کیا ہے کہ بہار میں جلد ہی نیا سیاسی کھیل ہونے والا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے اور جلد ہی اتحاد کے اندر بڑا دھماکہ ہوگا۔ انہوں نے اپنے دعوے میں یہ بھی کہا کہ ’’نتیش کمار اور نشانت سمجھ رہے ہیں، انہیں پہچان ہو گئی ہے کہ کون لوگ کس پارٹی کے ساتھ مل کر سازش کر رہے ہیں اور ایم ایل سی انتخاب میں جے ڈی یو کو کیسے ہرایا گیا۔ اب جلد ہی نیا سیاسی کھیل ہوگا، بس تھوڑا انتظار کیجیے۔‘‘
دوسری جانب آر جے ڈی رہنما بھائی ویریندر کے مذکورہ بیان کے بعد بہار کے سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائیوں کا نیا دور شروع ہو گیا ہے اور سوال اٹھ رہا ہے کہ کیا ریاست کی سیاست میں کوئی نیا سیاسی الٹ پھیر دیکھنے کو ملنے والا ہے؟ آر جے ڈی رہنما کے بیان پر بی جے پی کے ترجمان نیرج کمار کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بھائی ویریندر کے دعوے کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی رہنما کا یہ بیان بے بنیاد ہے۔بی جے پی کے ترجمان نیرج کمار نے مزید کہا کہ ’’بہار میں این ڈی اے مسلسل ترقیاتی کاموں میں مصروف ہے۔ حال ہی میں وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی رہائش پر این ڈی اے کی میٹنگ ہوئی، جس میں سب نے سمراٹ حکومت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ بہار میں این ڈی اے حکومت کا ایک سال مکمل ہو رہا ہے۔ 21 نومبر کو وزیر اعظم نریندر مودی بھی بہار کو ایک نئی سوغات دینے آ رہے ہیں۔‘‘