نئی دہلی 8مارچ: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اسکول کے طلباء کو اے آئی کی مدد سے پڑھایا جا رہا ہے۔ یہ ویڈیو کیرالہ کی ہے جو خوب شیئر ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کیرالہ غالباً ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں اے آئی کی مدد سے تعلیم دی جا رہی ہے۔ اس کے لیے ہیومنائیڈ (انسان نما) روبوٹ استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جنریٹو اے آئی اسکول ٹیچر کو اسکول میں پچھلے مہینے ہی متعارف کرایا گیا تھا اور اب یہ طلبہ میں کافی مقبول ہو چکا ہے۔ انسٹا گرام کے makerlabs_official ہینڈل پر یہ ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔ ویڈیو میں کیرالہ کے جنریٹیو اے آئی اسکول میں ایک خاتون اے آئی ٹیچر ساڑی پہنے ہوئے بچوں سے ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ وہ اسکول کے بچوں سے ہاتھ بھی ملاتی ہے۔ اس انسان نما روبوٹ کا نام ’آئیرس‘ رکھا گیا ہے۔ اے آئی ٹیچر آئیرس تین موضوعات پر بات کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی آئیرس کسی بھی مشکل سوال کا منٹوں میں آسان طریقے سے جواب بھی دے سکتی ہے جو بچوں کو آسانی سے سمجھ میں آ سکے۔ اے آئی روبوٹ کو لانے والی کمپنی ’میکرس لیب ایڈوٹیک‘ کے مطابق آئیرس صرف کیرالہ میں ہی نہیں بلکہ ملک کی پہلی جینریٹیو اے آئی ٹیچر ہے۔ اے آئی ٹیچر آئیرس کا نالج بیس چیٹ جی پی ٹی جیسے پروگرامنگ سے بنایا گیا ہے۔ یہاں یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ یہ روبوٹ نیتی آیوگ کے اٹل ٹنکرنگ لیب (ATL) پروجیکٹ کے تحت بنایا گیا ہے۔
جو کام بھاجپا نہ کر سکی وہ آج نیشنل کانفرنس نے کیا :محبوبہ مفتی
سری نگر،8مارچ(یو این آئی)جموں وکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعے کے روز کہاکہ نیشنل کانفرنس کی جانب سے پارلیمانی چناو لڑنے کے حوالے سے جو فیصلہ آیا وہ مایوس کن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں سیٹ شیئرنگ کا معاملہ فاروق عبداللہ پر چھوڑدیا تھا لیکن مجھے اس بات پر افسوس ہے کہ پی ڈی پی کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے مسئلے پر بات کریں گے۔ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔