بھوپال، 5 نومبر: وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ سڑکیں ترقی کی حقیقی شہ رگ ہوتی ہیں۔ مدھیہ پردیش کا کوئی گاؤں، قصبہ یا شہر بہتر سڑک رابطے سے محروم نہ رہے۔ ہر گاؤں اور شہر کو سال بھر قابل استعمال سڑکوں سے جوڑنا ہی ہمارا ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں اسٹیٹ ہائی وے، 4 لین، 6 لین، 8 لین اور گرین فیلڈ ایکسپریس وے کی تعمیر کے ذریعے جدید سڑک نیٹ ورک تیار کیا جارہا ہے۔ اس سے ریاست میں رابطوں کا نیٹ ورک مزید مضبوط ہوگا۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعرات کو وزیراعلیٰ رہائش گاہ واقع سمتو بھون میں مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 49 ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ کے افسران سے کہا کہ سڑکوں کے جو کام زیر تعمیر ہیں، ان میں کام کی رفتار بڑھا کر انہیں جلد مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں سڑکوں کا جال بچھانا ہے۔ اس کے لیے محکمہ تعمیرات عامہ، شہری انتظامیہ، دیہی ترقی، صنعت اور مدھیہ پردیش ہاؤسنگ بورڈ کے ساتھ باہمی تال میل سے کام کریں۔ سڑکوں کی تعمیر کے کاموں میں تیزی لائیں، اہم ضلعی سڑکوں پر بھی کام کریں اور تمام امکانات پر بیک وقت کام کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کارپوریشن کی جانب سے مجوزہ ہائی وے فنڈ کا نیا نام بھی مقرر کیا۔ اب یہ فنڈ ’وکست مدھیہ پردیش سنکلپ پتھ‘ کے نام سے جانا جائے گا۔ میٹنگ میں وزیر تعمیرات عامہ شری راکیش سنگھ بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست میں تقریباً 63 ہزار 296 کروڑ روپے کی لاگت سے مجموعی طور پر 1,398 کلومیٹر طویل 5 گرین فیلڈ کوریڈورز تیار کرنے کے لیے تمام تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہ 4 لین گرین فیلڈ ایکسس کنٹرولڈ کوریڈورز ہوں گے، جن میں پختہ شولڈر بھی شامل ہوں گے۔ ان میں بھوپال سے مندسور 258 کلومیٹر، ساگر سے ستنا 227 کلومیٹر، جبل پور سے آشاپور 358 کلومیٹر، بھوپال سے گوالیار 320 کلومیٹر اور کٹنی سے سنگرولی 235 کلومیٹر کے کوریڈور شامل ہیں۔ بتایا گیا کہ بھوپال۔مندسور، ساگر۔ستنا اور جبل پور۔آشاپور کوریڈورز کے لیے ڈی پی آر کنسلٹنٹ کے ذریعے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔
کنسلٹنٹ نے مختلف الائنمنٹ متبادل پیش کیے ہیں۔ ایم پی آر ڈی سی کے ذریعے بہترین الائنمنٹ کا انتخاب کرنے کا عمل جاری ہے۔ اسی طرح بھوپال۔گوالیار اور کٹنی۔سنگرولی کوریڈورز کے لیے ڈی پی آر کنسلٹنٹ کے انتخاب کی خاطر ٹینڈر کا عمل جاری ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان 5 گرین فیلڈ کوریڈورز کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے اور قابل عمل پائے جانے کی صورت میں ان کے ڈی پی آر تیار کرنے کی اجازت مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو دے دی۔

میٹنگ میں چیف سکریٹری شری اشوک برنوال، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات شری منیش رستوگی، ایڈیشنل چیف سکریٹری شہری ترقی و ہاؤسنگ شری سنجے کمار دوبے، پرنسپل سکریٹری وزیراعلیٰ اور محکمہ تعمیرات عامہ شری سکھویر سنگھ، پرنسپل سکریٹری محکمہ جنگلات شری راگھویندر کمار سنگھ، سکریٹری محکمہ تعلقات عامہ اور مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر شری بھارت یادو، مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے آزاد ڈائریکٹر شری وینکٹیش سبرامنیم، کارپوریشن کے دوسرے آزاد ڈائریکٹر شری دھرم آنند سارنگی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔