سرینگر5نومبر: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ایک بار پھر ’پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی‘ (پی ڈی پی) کی صدر منتخب ہو گئی ہیں۔ جمعرات (5 نومبر) کو سری نگر میں ہونے والے انتخاب میں انہیں اتفاق رائے سے اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا۔ پارٹی کے تمام اراکین نے ان کے نام کی حمایت کی۔ یہ لگاتار چوتھی مرتبہ ہے جب انھیں پی ڈی پی چیف مقرر کیا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی 2002 سے پی ڈی پی کی صدر کی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں۔پی ڈی پی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پارٹی کے انتخابی بورڈ کے اراکین نے محبوبہ مفتی کے نام پر اتفاق کیا۔ جموں کے ساتھ ساتھ سری نگر کے بھی اراکین نے انہیں دوبارہ صدر منتخب کیے جانے کی حمایت کی۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین نے متفقہ طور پر ان کے نام کی منظوری دی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ جموں سے انتخابی بورڈ کے اراکین نے بھی اس عمل میں حصہ لیا۔ وہ آن لائن ذرائع سے اجلاس میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے بھی محبوبہ مفتی کے نام کی حمایت کی۔ اس طرح انہیں از سر نو صدر منتخب کیے جانے پر پارٹی کے اندر کسی قسم کی مخالفت سامنے نہیں آئی۔ محبوبہ مفتی کو دوبارہ صدر بنانے کی تجویز پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر عبدالرحمن ویری نے پیش کی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر محمد خورشید عالم نے اس تجویز کی حمایت کی۔ اس کے بعد انتخابی بورڈ کے تمام ارکان نے محبوبہ مفتی کے نام پر اتفاق کیا۔









