بھوپال، 7 مارچ (پریس نوٹ) 12 مارچ سے شروع ہورہے رمضان المبارک کے مہینہ میں شہر کی دکانیں رات میں کھولے جانے کا وقت بڑھانے کو لیکر مسلم مہاسبھا کے صوبائی صدر منور علی خان کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے آج کلکٹر بھوپال کوشلیندر وکرم سنگھ سے ملاقات کر کے ایک عرضداشت سپرد کی۔ جس میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں مسلمان پورے ماہ روزے رکھتے ہیں اور بعد نماز عشاء نماز تراویح میں قرآن پاک سناجاتا ہے۔ نماز تراویح مختلف مسجدوں میں دیر رات تک پڑھی جاتی ہے۔ نماز تراویح کے بعد روزہ دار سحری و دیگر ضروریات کا سامان خریدنے کے لیے ہوٹلوں و بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ عرضداشت میں آگے کہا گیا کہ شہر میں ایسے بہت سے افراد ہیں جن کے گھر میں کھانا بنانے والا کوئی نہیں ہے، وہ لوگ ہوٹلوں میں کھانا کھاتے ہیں اور سحری بھی وہیں کرتے ہیں۔ ایسے لوگوں میں بڑی تعداد شہر میں مزدوری کرنے والوں، پڑھائی کے لیے باہر سے آکر ہوسٹلوں میں رہنے والے طلباء، مسافر، اسپتالوں میں مریضوں کے ساتھ رہنے والے تیمارداروں، ٹرک اور بس ڈرائیور وغیرہ کی ہوتی ہے۔ لہٰذا ایسی ہوٹلوں و دکانوں جن پر روزہ داروں کا سامان ملتا ہے انہیں رمضان المبارک میں رات میں کھلنے کی خصوصی اجازت دی جائے۔ عیدالفطر کے بعد حسب سابق رات 11 بجے دکانیں بند کروانے کا ضابطہ پھر سے نافذ کیا جائے۔ نمائندہ وفد میں مسلم مہاسبھا کے صوبائی صدر منور علی خان، جنرل سکریٹری ارشاد علی خان، بھوپال ڈویژن انچارج محمد کلیم، سکریٹری یوسف خان، بھوپال ضلع صدر علیم خان، عزیر حسین وغیرہ شامل تھے۔