بھوپال:21؍اکتوبر:بین الاقوامی سیاحتی میلے ’آئی ٹی بی ایشیا 2026‘ میں مدھیہ پردیش کا پویلین ملکی اور غیر ملکی نمائندوں کے درمیان توجہ کا اہم مرکز بنا ہوا ہے۔ سنگاپور میں ہندوستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر شلپکا امبولے نے سنگاپور کے مرینا بے سینڈز میں واقع سینڈز ایکسپو اینڈ کنونشن سینٹر میں مدھیہ پردیش پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیاحت کے سکریٹری اور مدھیہ پردیش ٹورزم بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر الیئاراجا ٹی، محکمہ کے افسران اور عالمی سیاحتی صنعت کے اہم متعلقہ فریق موجود رہے۔مدھیہ پردیش پویلین کو ریاست کے مالا مال ورثے، ثقافت، وافر جنگلی حیات، روحانیت، صحت و تندرستی اور پائیدار سیاحت کی تھیم پر دلکش انداز میں سجایا گیا ہے۔ یہاں آنے والے بین الاقوامی مہمان ورچوئل ریئلٹی (VR) ٹیکنالوجی کے ذریعے مدھیہ پردیش کے اہم سیاحتی مقامات کا جاندار تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی روایتی مہمان نوازی کے تحت پیش کی جانے والی جی آئی ٹیگ یافتہ مرینا کی مشہور گجک اور رتلامی سیو کا منفرد ذائقہ بھی غیر ملکی مہمانوں کو خوب متوجہ کر رہا ہے۔
یہ تین روزہ مشہور سیاحتی میلہ 23 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران مدھیہ پردیش ٹورزم بورڈ کی ٹیم سنگاپور اور جنوب مشرقی ایشیا کے اہم ٹور آپریٹرز، ٹریول ایجنٹوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مسلسل بزنس ٹو بزنس (B2B) میٹنگیں کر رہی ہے۔ ان میٹنگوں کا بنیادی مقصد بین الاقوامی سفری پیکیجوں اور سیاحتی پروگراموں میں مدھیہ پردیش کے سیاحتی مقامات کو نمایاں طور پر شامل کرانا اور ریاست میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کو فروغ دینا ہے۔
اس بین الاقوامی شرکت سے ایشیائی بیرونِ ملک سیاحت کی مارکیٹ کی ترجیحات اور نئے رجحانات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اس سے مستقبل کے لیے ایک مضبوط مارکیٹنگ حکمت عملی تیار ہوگی۔
، جس کے ذریعے مدھیہ پردیش کو بین الاقوامی سطح پر ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر شناخت ملے گی اور ریاست میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔









