بھوپال:21؍اکتوبر:مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے سائبر جرائم کی روک تھام اور سائبر دھوکہ دہی میں استعمال کیے جانے والے مْول بینک کھاتوں کے خلاف مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ’آپریشن میٹرکس 2.0‘ کے تحت نیمچ پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے شیئر ٹریڈنگ کے مشورے دینے اور زیادہ منافع کا لالچ دے کر عام لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے ایک بین الریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مختلف بینکوں کے 62 اے ٹی ایم کارڈ، 9 پاس بْک، 8 چیک بْک، 8 موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، ایک میک بْک، ایک اے ٹی ایم سوائپ مشین، ایک ہنڈائی اورا گاڑی اور 51,500 روپے نقد ضبط کیے ہیں۔
بھارت سرکار کی وزارتِ داخلہ کے ماتحت انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (I4C) کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل سے موصول ہونے والے مشتبہ مْول بینک کھاتوں اور اے ٹی ایم سے رقم نکالنے سے متعلق ڈیٹا ریاستوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔
اسی ڈیٹا کی بنیاد پر مدھیہ پردیش پولیس ایسے بینک کھاتوں کے مالکان اور ان سے وابستہ افراد کی شناخت کرکے کارروائی کر رہی ہے۔
موصول ہونے والی تکنیکی معلومات اور مخبروں سے حاصل ہونے والی اطلاع کی بنیاد پر نیمچ پولیس نے مختلف بینک کھاتوں سے منسلک اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے مقامات کا تجزیہ کیا۔ کارروائی کے دوران بینکوں اور اے ٹی ایم بوتھ کے آس پاس سے مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔ پوچھ گچھ اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر یہ بات سامنے آئی کہ گروہ سے وابستہ افراد اپنے اور دوسرے لوگوں کے بینک کھاتوں کی کِٹ، جس میں اے ٹی ایم کارڈ، پاس بْک اور چیک بْک شامل تھیں، ایک دوسرے ملزم کو فراہم کرتے تھے۔ ان کھاتوں کا استعمال سائبر دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقم کو منتقل کرنے اور نکالنے کے لیے کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے ایک اور رکن کو بھی حراست میں لے لیا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے ’moneygrow\.live‘ کے نام سے ایک جعلی ویب سائٹ تیار کی تھی۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور فون کالز کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرتے تھے۔ ملزمان شیئر مارکیٹ میں بہتر ٹریڈنگ مشورے دینے اور کم وقت میں زیادہ منافع دلانے کا جھانسہ دے کر متاثرین کو رقم کی سرمایہ کاری کرنے کے لیے آمادہ کرتے تھے۔اس کے بعد متاثرین سے رقم گروہ کی جانب سے فراہم کیے گئے مْول بینک کھاتوں میں منتقل کروائی جاتی تھی۔ اس معاملے میں نیمچ سٹی تھانے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جا رہی ہے۔ضبط کیے گئے مختلف بینک کھاتوں کے اے ٹی ایم کارڈ، پاس بْک اور چیک بْک کے حوالے سے بھی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔









