خواتین ہاکی ٹیم کی سابق کپتان ایلیزا نے اپنے کھیل کے سفر کو یاد کیا
نئی دہلی، یکم جنوری (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی سابق کپتان اور پدم شری ایوارڈ یافتہ ایلیزا نیلسن نے ہاکی انڈیا کی جانب سے شروع کی گئی ایک پوڈ کاسٹ سیریزمیں ہاکی تے چرچا کے 51ویں ایپی سوڈ میں کھیل میں ماضی کے سفر اورخواتین ہاکی کی ثقافت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔سابق کپتان نے 1982 کے ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کو تاریخی گولڈ میڈل دلایا تھا۔ ایلیزا نے سویتا کی زیرقیادت ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کو اہم ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر رانچی 2024 سے قبل نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ایک وقت میں میچ پر پوری توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں ایک ہی میچ پر توجہ مرکوز کریں اور فائنل میں جگہ بنائیں۔ ہمیں جیتنا ہی ہوگا، کیونکہ اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔‘‘ ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر رانچی 2024، 13 جنوری سے 19 جنوری تک چلے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس مقابلے میں ٹاپ تھری میں آنے والی ٹیم پیرس 2024 اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ہندوستان کو پول بی میں نیوزی لینڈ، اٹلی اور امریکہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ اس دوران جرمنی، جاپان، چلی اور جمہوریہ چیک پول اے میں مدمقابل ہوں گی۔ ہندوستان اپنی مہم کا آغاز 13 جنوری کو امریکہ کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 14 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔
پول بی کا آخری میچ 16 جنوری کو اٹلی کے خلاف ہوگا۔پونے، مہاراشٹر میں پیدا ہونے والی ایلیزا نے اپنے ہاکی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا، پونے میں 70 کی دہائی کے اوائل میں بہت سے لوگ ہاکی کھیل رہے تھے اور میں قریب ہی رہتی تھی جہاں میرے اس وقت کے کوچ مسٹر منو گولکاری رہتے تھے اور وہ مجھے گلی میں کھیلتے ہوئے دیکھتے تھے۔
میرے بعد میں اور میری بہن وقتاً فوقتاً گیند کو تھپتھپاتے رہتے تھے اور وہ وہیں کھڑا ہوکرمجھے دیکھتے رہتے تھے۔ ایک دن وہ میرے پاس آئے اور پوچھا کہ تم کیانی کلب کیوں نہیں جوائن کرلیتی، وہ جانتے تھے کہ میں اسکول میں ایتھلیٹکس میں اچھا کرتی تھی اس لیے انہوں نے مجھے سیدھا راستہ دکھایا۔ اس وقت، ہمارے پاس رائٹ ایکسٹریم، لیفٹ ایکسٹریم اور سینٹر فارورڈ کی پوزیشنیں تھیں جو آج نہیں ہیں، اس لیے اس طرح میں مہاراشٹرا جونیئر ٹیم میں شامل ہوئی اور کھیلا۔ میں نے کلب کے ساتھ جونیئر ٹیم سے شروعات کی اور پھر جونیئر اسٹیٹ ٹیم اور پھر سینئر اسٹیٹ ٹیم میں گئی اور اسی طرح میرا سفر شروع ہوا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پونے کے 26 سے زیادہ کھلاڑیوں نے ہندوستان کی نمائندگی کی ہے اور سات نے ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی کپتانی کی ہے۔ ایسی دنیا میں جہاں رکاوٹیں برقرار ہیں، خواتین کھلاڑی چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے شیشے کی چھت کو توڑ رہی ہیں۔ اس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایلیزا نے کہا، ’’ملک کے دیگر خطوں کے مقابلے میں ہم جنوبی ہندوستان میں بالکل مختلف ماحول میں رہتے ہیں، جہاں والدین ہمیشہ اپنے بچوں کو آگے بڑھنے اور کھیلنے کی ترغیب دیتے ہیں۔‘‘ایلیزا ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کی کپتان تھیں جس نے نئی دہلی کے کھچا کھچ بھرے شیواجی اسٹیڈیم میں منعقدہ 1982 کے ایشیائی کھیلوں میں تاریخی گولڈ میڈل جیتا تھا۔ وہ 1980 میں ماسکو اولمپک میں خواتین کی ہاکی میں چوتھے نمبر پر رہنے والی ہندوستانی ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔