ممبئی 18اکتوبر: شیوسینا (یو بی ٹی) کے راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت نے اقتدار کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اقتدار کی تبدیلی کا مطالبہ کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ سنجے راؤت نے مرکزی حکومت پر تاناشاہی کرنے اور انتخابات میں گھوٹالے ہونے کے الزامات عائد کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 6 ماہ کے اندر مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں اقتدار کی تبدیلی کر کے دکھائیں گے۔سنجے راؤت نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیا جمہوریت میں حکومت کی تبدیلی کا مطالبہ کرنا کوئی جرم ہے؟ یہاں ایک آمرانہ حکومت چل رہی ہے اور وہ بھی غیر قانونی طریقوں سے۔ چیف الیکشن کمشنر ’مافیا‘ گیانیش کمار کی مدد سے یہ سب کیا جا رہا ہے، جو بی جے پی کے ایجنٹ ہیں۔ انتخابات میں گھوٹالے کیے گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ہٹا کر اقتدار میں تبدیلی لانا قومی مفاد کا معاملہ ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت کو بچانے کے لیے اقتدار کی تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر اپوزیشن رہنماؤں کے متحد ہونے کی بات بھی کہی۔ سنجے راؤت نے مزید کہا کہ ’’اگر ہم اس حکومت کو ہٹا کر اقتدار میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو یہ قومی مفاد کا معاملہ ہے۔ جمہوریت کو بچانے کے لیے ایسا کرنا ضروری ہے۔ خواہ پرشانت بھوشن ہوں، راہل گاندھی، ادھو ٹھاکرے یا ممتا بنرجی، ہم سب ایک آواز میں اپنی بات رکھیں گے۔ ہم اقتدار کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ہم آئندہ 6 ماہ کے اندر مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں یہ تبدیلی لا کر دکھائیں گے۔‘‘









