نئی دہلی 7مارچ:مرکزی حکومت نے جمعرات کو ’اُجولا یوجنا‘ سے استفادہ کرنے والے طبقہ کو لے کر ایک بڑی خوشخبری سنائی ہے۔ یکم اپریل سے شروع ہونے والے اگلے مالی سال کے لیے اُجولا یوجنا کے تحت غریب خاندان کو ایل پی جی سلنڈر پر ملنے والی 300 روپے کی سبسڈی کو کابینہ کی طرف سے جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سال اکتوبر میں ہر سال 12 ریفل تک 14.2 کلوگرام کے سلنڈر پر سبسڈی 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی سلنڈر کر دیا تھا۔ 300 روپے فی سلنڈر سبسڈی رواں مالی سال کے لیے تھی جو 31 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے یہ سہولت آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے مین مرکزی وزیر پیوش گویل نے جانکاری دی اور کہا کہ معاشی معاملوں کی کابینہ کمیٹی (سی سی ای اے) نے اب اس سبسڈی کو 25-2024 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی کابینہ کے ذریعہ ’اُجولا یوجنا‘ کے استفادہ کنندگان کے لیے آئندہ مالی سال میں بھی 300 روپے سبسڈی کی سہولت جاری رکھنے پر مہر لگانے سے تقریباً دس کروڑ کنبوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ اس قدم سے 12000 کروڑ روپے کا بوجھ بھی حکومت پر بڑھے گا۔