مرزاپور15اکتوبر: اتر پردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخاب سے قبل ایک اور نئی پارٹی میدان میں آ گئی ہے۔ مرزاپور کی سابق ڈی ایم دویا متل نے اپنی سیاسی پارٹی ’جن نیتی بھارت‘ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق وہ مرزاپور صدر اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑیں گی۔ اس سے قبل دویا متل نے واضح کیا تھا کہ وہ کسی پرانی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کے بجائے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کریں گی۔ واضح رہے کہ دویا متل 2013 بیچ کی آئی اے ایس آفیسر رہی ہیں۔ انہوں نے انتظامی خدمات سے رواں سال 30 اگست کو استعفیٰ دیا تھا، جسے ستمبر میں قبول کر لیا گیا۔ اترپردیش میں انہوں نے میرٹھ، گونڈا، سنت کبیر نگر، مرزاپور اور دیوریا میں الگ الگ انتظامی ذمہ داریاں ادا کیں۔ مرزاپور کی ڈی ایم رہتے ہوئے دور دراز کے گاؤں لہوریا دہ تک پائپ سے پانی پہنچانے کی پہل کو لے کر بھی وہ خبروں میں رہی تھیں۔ سیاست میں آنے کے اعلان کے بعد سے ہی ان کے آئندہ اقدامات کو لے کر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی اور عوام کے مسائل کو اپنی سیاسی بنیاد بنائیں گی۔ اب ’جن نیتی بھارت‘ پارٹی کی تشکیل اور مرزاپور صدر سے انتخاب لڑنے کے اعلان کے ساتھ ان کی سیاسی حکمت عملی واضح ہوتی نظر آ رہی ہے۔









