نئی دہلی 14اکتوبر:لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے دہلی میں احتجاج کے دوران حراست میں لیے گئے طلبہ کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران طلبہ نے دہلی پولیس پر مار پیٹ اور بربریت کے سنگین الزامات عائد کیے۔ طلبہ نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران انہیں حراست میں لے کر بسوں میں بھرا گیا اور تھانے میں لے جا کر پیٹا گیا۔ کچھ طلبہ نے الزام عائد کیا کہ کچھ پولیس اہلکاروں نے انہیں دھمکایا اور ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا۔ راہل گاندھی نے طلبہ کی باتیں سنیں اور ان سے کہا کہ وہ اپنے پاس موجود ویڈیو اور دوسرے ثبوت شیئر کریں۔ راہل گاندھی نے طلبہ کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’امت شاہ جی، دھیان سے دیکھ لیجے، یہ ہندوستان ہے۔ یہاں نہ کوئی ہندو ہے، نہ مسلم، نہ مرد ہے، نہ عورت اور نہ کوئی ذات۔ یہاں صرف ایک آواز ہے، ایک احتجاج ہے، یہ ہندوستان ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی اور امت شاہ آپ دونوں اس آواز کے سامنے کھڑگے مت ہوئیے، کیونکہ اس کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا۔ میں تمام نوجوانوں اور طلبہ سے کہہ رہا ہوں کہ آپ بطور ثبوت ویڈیو محفوظ رکھیے۔ جب یہ معاملہ ختم ہو جائے گا، تب ہم ان ثبوتوں کا استعمال کریں گے اور اوپر سے لے کر نیچے تک سب کو سزا دلائیں گے۔ کوئی بچے گا نہیں۔‘‘