لاہور13اکتوبر: پاکستان کے صوبہ پنجاب میں منگل کی صبح ایک بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا۔ کراچی سے پشاور جا رہی رحمٰن بابا ایکسپریس ملتان میں شیر شاہ پل کے پاس پٹری سے اتر گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 5:15 بجے پیش آیا۔ اس حادثہ میں کم از کم 5 لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کے باعث ٹرین کے تمام 14 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ پولیس اور امدادی افسران کے مطابق زخمیوں کو ملتان کے نشتر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حادثہ کے بعد ایک مسافر نے ٹرین کے نویں ڈبے کی مرمت کو لے کر دعویٰ کیا ہے۔ ’جیو نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایک مسافر نے بتایا کہ حادثہ سے قبل ریہری کے پاس اس ڈبے کے نٹ بولٹ کی مرمت کی گئی تھی۔ حالانکہ اس دعویٰ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مبینہ مرمت کا ٹرین کے پٹری سے اترنے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے میں لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسران کو راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
ساتھ ہی زخمیوں کو بلا تاخیر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کو کہا ہے۔