کولاکاتا5اکتوبر:کلکتہ ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ نے پیر (5 اکتوبر) کو مغربی بنگال حکومت کو ہدایت دی کہ وہ پوری ریاست میں یونیورسٹی کیمپس میں طلبہ کی حفاظت یقینی بنائے۔ پوری ریاست میں یونیورسٹی کیمپس کے اندر سکیورٹی کے مناسب انتظامات کرنے کا مطالبہ کرنے والی مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) پر عدالت میں سماعت ہوئی۔ کلکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رویندر وٹھل راؤ گھگے اور جسٹس اوم نارائن رائے کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ یونیورسٹی کیمپس میں صرف سی سی ٹی وی کیمرے لگانا ہی کافی نہیں ہے۔ بنچ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو کیمپس میں طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔
کئی یونیورسٹی انتظامیہ نے کیمپس میں کیے گئے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ زیادہ تر رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کیمپس کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ ان رپورٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈویژن بنچ نے کہا کہ کیمپس میں طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے صرف سی سی ٹی وی لگانا کافی نہیں ہے۔ ڈویژن بنچ نے یہ بھی کہا کہ کیمپس میں طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے علاوہ یونیورسٹی کیمپس میں مناسب تعلیمی ماحول برقرار رکھنے کے لیے بھی فعال اقدامات کیے جانے چاہئیں۔









