سہارنپور/غازی آباد4اکتوبر: اتر پردیش کے غازی آباد کی لونی اسمبلی سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی نند کشور گرجر اپنے بیانات کو لے کر ایک بار پھر تنازعات کے مرکز میں آ گئے ہیں۔ اس بار ان کے نشانے پر کیرانہ سے سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اقرا حسن رہی ہیں۔ سہارنپور میں منعقدہ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی نے رکن پارلیمنٹ اقرا حسن کی ذاتی زندگی اور شادی کو لے کر براہِ راست تبصرہ کیا۔ اسٹیج سے خطاب کرتے ہوئے نند کشور گرجر نے کہا کہ اگر رکن پارلیمنٹ اقرا حسن پہل کریں تو سماج ان کی شادی کسی قابل ہندو گرجر نوجوان سے کرانے کے لیے تیار ہے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ ’گرجر سماج نے ہمیشہ انہیں اپنی بیٹی مانا ہے۔ اگر اقرا حسن کسی ہندو لڑکے سے شادی کرتی ہیں تو ہم بھی انہیں اپنے خاندان کی بیٹی مانیں گے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ تیار ہوں تو وہ جس طرح کے لڑکے کی خواہش ظاہر کریں گی، اسی طرح کے کسی قابل نوجوان سے ان کی شادی کرائی جائے گی۔