کولکاتا5مارچ:کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال کے سندیش خالی تشدد معاملے میں اہم فیصلہ دیتے ہوئے مغربی بنگال پولیس کی ایس آئی ٹی کو اس پورے تفتیش سے روک دیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی عدالت نے سی بی آئی کو اس کی تفتیش کا حکم دیتے ہوئے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں گرفتار شاہجہاں شیخ کو سی بی آئی کے حوالے کردے۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ٹی ایس شیوگنانم نے ای ڈی افسران پر حملے کے معاملے میں ایس آئی ٹی کو برخاست کرتے ہوئے کل تین معاملے سی بی آئی کو سونپنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے پولیس کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ جانچ سے متعلق تمام دستاویزات سی بی آئی کو سونپ دے۔ واضح رہے کہ 5 جنوری کو راشن کی تقسیم میں بدعنوانی کے معاملے میں ای ڈی کی ٹیم شیخ شاہجہاں کے گھر چھاپہ مارنے پہنچی تھی جہاں ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور مرکزی ایجنسی کے اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔ مرکزی ایجنسی نے اس معاملے میں شاہجہاں کو مرکزی ملزم بنایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ لوگوں نے یہ حملہ اس کے اکسانے پر کیا تھا۔ اس واقعے کے 55 دن بعد مغربی بنگال پولیس نے شاہجہاں شیخ کو گرفتار کیا تھا۔