لکھنو5مارچ:اترپردیش کی رام پور ایم پی-ایم ایل اے خصوصی عدالت سے مفرور قرار دیے جانے کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ اور فلم اداکارہ جیا پردا اچانک عدالت میں پہنچ گئیں جہاں انہیں حراست میں لے کر کٹہرے میں کھڑا کیا گیا۔ جیا پردا نے عدالت کو یقین دلا یا کہ وہ اب ہر سماعت پر ذاتی طور پر عدالت میں حاضر رہیں گی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران جیا پردا کی جانب سے عدالت کے روبرو صحت کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست داخل کی گئی جسے قبول کرتے ہوئے عدالت نے 20 ہزار روپئے کے ذاتی مچلکے پر انہیں مشروط ضمانت دے دی۔ جیا پردا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق دو مقدمات میں ‘مفرورقرار دی گئی تھیں۔ خود سپردگی کے بعد عدالت نے جیا پردہ کے خلاف جاری کردہ وارنٹ واپس لے لیا۔ رام پور کی ایم پی ایم ایل اے کورٹ سے تقریباً 7 بار جیا پردا کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہو چکے ہیں، جس کے بعد 27 فروری کو سماعت کرتے ہوئے عدالت نے انہیں ‘مفرور قرار دے دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ انہیں گرفتار کر کے 6 مارچ کو عدالت میں پیش کرے۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز (4 مارچ) جیا پردا اپنے وکلاء کے ساتھ رام پور پہنچیں اور ایم پی ایم ایل اے کی خصوصی عدالت کے مجسٹریٹ شوبھت بنسل کے سامنےپیش ہوئی۔