پانچویں اور آٹھویں بورڈ کے امتحان 6 مارچ سے
بھوپال، 5 مارچ (یواین آئی) مدھیہ پردیش میں 5ویں اور 8ویں جماعت کے بورڈ پیٹرن امتحانات 6 مارچ سے شروع ہو رہے ہیں۔اسکولی تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے وزیر ادے پرتاپ سنگھ نے دونوں کلاسوں کے طلبہ کو امتحان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ تمام طلباء نے پورے دل سے امتحانات کی تیاری کی ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہر کوئی کامیابی حاصل کرے اور سب کی اچھی کوششوں کے بہترین نتائج برآمد ہوں۔ اسکولی تعلیم کے وزیر مسٹر سنگھ نے امتحان میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے طلباء کے لیے ہموار انتظامات کرنے کے لیے محکمہ اسکولی تعلیم کے تمام ساتھیوں اور اساتذہ کی تعریف کی ہے۔ریاستی تعلیمی مرکز نےتمام طلبہ کو امتحان میں آسانی سے لے جانے کے لئے ان کےنزدیکی اسکولوں میں تقریباً 12 ہزار امتحانی مراکز قائم کیے ہیں۔ اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ ان امتحانی مراکز میں طلباء کو اسکولوں کی گنجائش کے مطابق تمام ضروری سہولیات میسر ہوں۔ ان دونوں کلاسوں کے امتحانات میں سرکاری، پرائیویٹ اور مدارس کے 25 لاکھ 50 ہزار سے زائد طلباء شرکت کریں گے۔