ماسکو27ستمبر:روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) میں ہندوستان کو مستقل رکن بنائے جانے کے مطالبے کی ایک بار پھر حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کے دوران ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ جیسے خطوں کو زیادہ نمائندگی ملنی چاہیے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران لاوروف نے کہا کہ سلامتی کونسل کی توسیع میں مغربی ممالک کے لیے اضافی مستقل نشستیں نہیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے خاص طور پر جرمنی اور جاپان کو مستقل رکن بنانے کی تجویز کی مخالفت کی۔
لاوروف نے کہا کہ روس سلامتی کونسل میں ہندوستان اور برازیل کو مستقل رکن بنائے جانے کی حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کا موجودہ نظام آج کے عالمی حالات اور دنیا کے مختلف خطوں کی حقیقی صورتحال کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔ روس طویل عرصے سے ہندوستان کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتا رہا ہے۔ ہندوستان بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں طویل عرصے سے اصلاحات کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔