بھوپال:25؍ستمبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھارتیہ جن سنگھ کے بانی محترم پنڈت دین دیال اپادھیائے جی کی یوم پیدائش پر لال گھاٹی میں واقع ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرکے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مرکزی وزیر برائے سڑک نقل و حمل و شاہراہ مسٹر نتن گڈکری خصوصی طور پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مرکزی وزیر مسٹر گڈکری کے ساتھ ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم کے تحت آم کا پودا لگایا۔ اس موقع پر ریاست کے تعمیراتِ عامہ کے وزیر مسٹر راکیش سنگھ، کھیل و نوجوان بہبود اور امدادِ باہمی کے وزیر مسٹر وشواس سارنگ، بھوپال کی میئر محترمہ مالتی رائے، رکن اسمبلی مسٹر رامیشور شرما، مسٹر بھگوان داس سابنانی اور بڑی تعداد میں عوامی نمائندے اور کارکنان موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے لیے تحریک کا ذریعہ محترم پنڈت دین دیال اپادھیائے جی کا انتودَے اور ایکاتم انسانیت کا فلسفہ آج بھی معاشرے کے آخری فرد کی فلاح کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ دین دیال جی کے قوم کی خدمت اور عوامی فلاح کے نظریات سے تحریک لیتے ہوئے ہم جامع ترقی کے عزم کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔