بھوپال:19؍ستمبر:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے ’’ماں تجھے سلام‘‘ یوجناکے تحت ریوا ضلع کے دورے پر آئے بھوپال ڈویزن کے نوجوانوں کے وفدکو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ وفدریوا ضلع میں مہامرتیونجے مندر، میوزیم، وائٹ ٹائیگر سفاری، پوروا آبشار اور بسامن ماما گائے سیکنچوری کا دورہ کرے گا۔ پروگرام کا انعقادمحکمہ کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے ذریعہ کیاگیا ہے۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ مدھیہ پردیش اور وندھیا میں سیاحت کی ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں۔ ریوا ڈویزن میں قدرتی خوبصورتی سے بھرپور جنگلات اور آبشاریںنیز میہر، چترکوٹ اور امرکنٹک جیسے مذہبی مقامات سب کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ مکْندپور وائٹ ٹائیگر سفاری، پنا نیشنل پارک، سنجے ٹائیگر ریزرو، باندھو گڑھ ٹائیگر ریزرو اور سنجے دوبری سیکنچوری اچھے سیاحتی مقامات ہیں۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ ریو چاروں جانب سے ہائی وے رابطے سے جڑا ہوا ہے۔ یہاں ریلوے روٹ اور پانچ بڑے شہروں کے لیے اے ٹی آر 72 کی فضائی خدمات دستیاب ہے۔
کئی لوگ ویک اینڈمیں ہوائی جہاز سے ریوا آتے ہیں اور آس پاس کے علاقوں کا دورہ کرتے ہیں۔ریوا میں 750 میگاواٹ کا سولر پلانٹ ہے، جس کی بجلی سے دہلی کی میٹرو چلتی ہے۔ بسامن ماما گائے سیکنچوری میں 9 ہزار سے زیادہ گایوں کو پناہ دینے کے ساتھ قدرتی زراعت کا ماڈل بھی تیار کیا گیا ہے۔ گائے پروری اور قدرتی زراعت سے ہی ہماری آنے والی نسل صحت مند رہے گی۔ نوجوان نسل صحت مند رہے گی، تب ہی ترقیاتی کاموں کا فائدہ اٹھا سکے گی۔وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی نے سال 2047 تک ملک کو مکمل طور پر ترقی یافتہ بنانے اور عالمی رہنما بنانے کا عزم کیا ہے۔ وزیر اعظم مسٹرمودی کے خوابوں کے بھارت کی ترقی کا فائدہ آج کی جین زی نسل یعنی نوجوانوں کو ہی ملے گا۔
پروگرام میں ڈویزنل کھیل افسر ایم کے دھولپوری نے بتایا کہ بھوپال ڈویزن سے آئے نوجوانوں کے گروپ میں سیہور، رائسین، ودیشہ، راج گڑھ اور بھوپال کے نوجوان شامل ہیں۔ انہیں دو دن تک ضلع کا دورہ کرایا جائے گا۔پروگرام میں میونسپل کارپوریشن کے صدر مسٹروینکٹیش پانڈے، راج گوپال مشرچاری، دیگر عوامی نمائندے اور نوجوان موجود رہے۔