بھوپال، 4 مارچ (رپورٹر) لوک سبھا انتخابات سے پہلے نکالی جارہی بھارت جوڑو نیائے یاترا کو لیکر مدھیہ پردیش پہنچے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کو پھر ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ایکسرے کا استعمال چوٹوں کا پتہ لگانے کے لیے کیا جاتا ہے، اسی طرح ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کر کے معلوم کیا جائے گا کہ کس طبقے کی حالت کیا ہے۔ ہم عوامی تعاون سے ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرائیں گے۔ راہل گاندھی نے پیر کو شیو پوری، گنا، راگھوگڑھ اور بیاورا میں روڈ شو کرتے ہوئے اپنی گاڑی سے عام لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ دیر شام انہوں نے بھاٹکھیڑی میں کسانوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل کے بارے میں جانا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے آج پھر الزام لگایا کہ کسانوں، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کو میڈیا میں جگہ نہیں دی جا رہی ہے، جب کہ فی الحال یہی سب سے بڑے مسائل ہیں۔مسٹرگاندھی کی بھارت جوڑو نیا ئےیاترا مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے بیاورا پہنچی۔ راہل نے بیاورا میں کھلی گاڑی سے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور سابق وزیر جے وردھن سنگھ بھی موجود تھے۔راہل نے کہا کہ مرکز میں حکومت کرنے والی مودی حکومت کسانوں کی تحریک پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ بے روزگاری بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ مہنگائی سے ہر کوئی پریشان ہے۔ اس کے علاوہ عوامی تشویش سے متعلق بہت سے مسائل ہیں، لیکن ان مسائل کو میڈیا میں جگہ نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میڈیا کے اداروں پر ملک کے چند منتخب صنعت کاروں نے قبضہ کر رکھا ہے اور اسی وجہ سے عوام سے جڑے مسائل کو میڈیا میں نہیں دکھایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کی بجائے میڈیا میں ایک صنعتکار خاندان کی شادی کی تقریب دکھائی جا رہی ہے۔راہل نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کو مرکز میں حکومت بنانے کا موقع ملتا ہے تو وہ ان تمام مسائل کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کرے گی۔ انہوں نے ملک میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کی ضرورت کو دہرایا اور کہا کہ اگر کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ایسا کیا جائے گا۔ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فسادپیدا کرنے والوں کے بارے میں بھی حقائق سامنے لائیں گے۔
یاد رہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اپنی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے تحت آج مدھیہ پردیش کے شیو پوری پہنچے۔مسٹر گاندھی نے مقامی گوالیار بائی پاس سے جھانسی تیراہے تک ایک کھلی جیپ میں روڈ شو کیا۔ اس دوران مختلف مقامات پر پارٹی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ مسٹر گاندھی نے بھی ہاتھ ہلاکر سب کی مبارکباد قبول کی۔ اس دوران مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ اور دیگر متعدد سینئر لیڈران ان کے ساتھ موجود تھے۔کچھ دیر بعد، مسٹر گاندھی یہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گنا کے لیے روانہ ہوں گے۔اس سے پہلے مسٹر گاندھی کو آج صبح تقریباً 10 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گوالیار سے شیو پوری پہنچنا تھا، لیکن الزام ہے کہ ان کے ہیلی کاپٹر کو مجاز اتھارٹی سے پرواز کی اجازت نہیں ملی۔ ایسے میں انہیں گوالیار سے شیو پوری تک کار سے سفر کرنا پڑا۔