جموں، 04 مارچ (یو این آئی) جموں و کشمیر انتظامیہ نے پہلی بار ‘اسپورٹس پالیسی 2022’ کے تحت تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔ جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل نے پیر کو یو این آئی کو بتایا، ’’قومی اور بین الاقوامی کھیلوں میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو اسپورٹس پالیسی 2022 کے تحت بہت جلد منعقد ہونے والی تقریب میں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔‘‘اس تقریب میں یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر اور اسپورٹس کونسل کے چیئرمین منوج سنہا کھلاڑیوں کو نقد انعامات دیں گے۔
یہ ایوارڈ ان کھلاڑیوں کو دیا جائے گا جنہوں نے سال 2021-22 اور 2022-23 میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی بہترین کارکردگی دکھائی۔ کیش ایوارڈ کو گورنر سنہا پہلے ہی منظور کر چکے ہیں۔اس تقریب میں جمناسٹک، فینسنگ، مارشل آرٹس (ووشو)، پینچک سلیٹ، باکسنگ، جوڈو، والی بال، پاور لفٹنگ، رولر اسکیٹنگ اور کینوئنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے والے تقریباً 400 کھلاڑیوں کو انعامات دئیے جائیں گے۔
اگرچہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے ابھی تک اس تقریب کی صحیح تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے، لیکن جلد ہی اس کا اعلان کرے گی۔