بھوپال، 13 ستمبر: مدھیہ پردیش پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی فروخت کے خلاف ’’زیرو ٹالرینس‘‘ پالیسی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ دو دنوں کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع سے افیون، ایم ڈی ڈرگز، ڈوڈا چورا اور گانجے سمیت تقریباً 113 کلو 870 گرام نشہ آور اشیاء ضبط کی ہیں، جن کی مجموعی مالیت 54 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ پولیس ہیڈکوارٹر کے رابطہ عامہ سیل کے مطابق ضلع مندسور کے تھانہ بھان پورہ کی پولیس نے دودھاکھیڑی ماتا جی مندر کے قریب بائی پاس تراہہ پر کارروائی کر کے دو ملزمان سے 12 لاکھ روپے مالیت کی 6 کلو 82 گرام افیون برآمد کی، جبکہ تھانہ افضل پور نے پلوئی پھنٹے سے ایک ملزم کو گرفتار کر کے 26 لاکھ روپے کی 260 گرام ایم ڈی ڈرگز اور 10 ہزار روپے مالیت کا 5 کلو سے زائد ڈوڈا چورا قبضے میں لیا۔دوسری جانب، ضلع بالاگھاٹ کے تھانہ لانجی کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 اسمگلروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تقریباً 14 لاکھ روپے مالیت کا 27 کلو 378 گرام گانجا ضبط کیا ہے۔ اسی طرح جی آر پی اجین نے ٹرالی اور پٹھو بیگز میں چھپا کر اسمگلنگ کرنے والی 2 خواتین کو دبوچ کر 2 لاکھ روپے مالیت کا 75 کلو ڈوڈا چورا برآمد کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات کے مکمل نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔