بھوپال:13؍ستمبر:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے رہائش دفتر بھوپال سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بالاگھاٹ ضلع میں صحت خدمات اور صحت انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ بالاگھاٹ کے پورے علاقے کو صحت خدمات سے مؤثر طور پر کور کرنا ہے۔ کوئی بھی اہل شخص صحت سہولت سے محروم نہ رہے اور ہر سطح پر صحت کے نظام کو مضبوط اور جواب دہ بنایا جائے۔ میٹنگ میں پرنسپل سکریٹری پبلک ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مسٹرسکھ ویر سنگھ، کمشنر مسٹردھن راجو ایس، ایم ڈی این ایچ ایم ڈاکٹر سلونی سڈانا، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بالاگھاٹ کلکٹر مسترکنور ستیہ، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر متعلقہ محکمہ جاتی افسران موجود رہے۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹرشکل نے کہا کہ بالاگھاٹ ضلع کے ہر علاقے میں صحت خدمات کی مؤثر رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ضرورت کے مطابق وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایات دیں کہ ضلع کے دور دراز اور دیہی علاقوں سمیت پورے علاقے کو صحت خدمات کے دائرے میں لاتے ہوئے صحت سہولیات کی دستیابی اور رسائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ بالاگھاٹ ضلع نکسل اثر سے آزاد ہوا ہے۔ ایسے علاقوں میں مقامی باشندوں کو صحت خدمات اور مختلف صحت اسکیموں کے تئیں بیدار کرنے کے لیے خصوصی کوششیں کی جائیں۔ مقامی لوگوں کو صحت بیداری مہم سے جوڑتے ہوئے صدفیصد ٹیکہ کاری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے حاملہ خواتین کے رجسٹریشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حاملہ خاتون کا بروقت رجسٹریشن ہو اور تمام اے این سی (ANC) بروقت ہوں، یہ یقینی بنایا جائے۔ ہائی رسک پریگنینسی (HRP) والی حاملہ خواتین کی بروقت شناخت کرکے ان کا باقاعدہ فالو اپ کیا جائے اور ضرورت کے مطابق انہیں اعلیٰ صحت اداروں میں علاج اور زچگی کی سہولت فراہم کی جائے۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ صدفیصد ادارہ جاتی زچگی یقینی بنائی جائے۔ جن حاملہ خواتین میں زچگی کے دوران خطرے کا امکان ہو، انہیں بروقت صحت ادارے میں داخل کراکر ضروری نگرانی اور علاج یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دور دراز علاقوں کے لیے برتھ ویٹنگ ہوم کے انتظام کو مؤثر بنانے کی ہدایات دیں، تاکہ ایچ آر پی کے طور پر شناخت کی گئی حاملہ خواتین کو زچگی کے وقت جدید صحت خدمات بروقت دستیاب ہو سکیں۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ بالاگھاٹ ضلع میں ضرورت اور مانگ کے مطابق 67 نئے میڈیکل افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔
انہوں نے افسران کو ہدایات دیں کہ دستیاب انسانی وسائل کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ہر علاقے میں صحت خدمات کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈاکٹروں اور صحت افسران کی میدانی موجودگی ضروری ہے۔ صحت افسران باقاعدگی سے علاقوں کا دورہ کریں اور میدانی عملے کے کام کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیں۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ صحت خدمات کی کامیابی میں میدانی عملے کا اہم کردار ہے۔ افسران کی جانب سے میدانی صحت کارکنوں کو مسلسل رہنمائی اور حوصلہ افزائی دی جائے۔ ان کے کاموں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ہی مقررہ انسینٹو کی بروقت تقسیم یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران باقاعدگی سے میدانی علاقوں کا دورہ کریں، ملازمین کے مسائل کو سمجھیں اور انہیں بہتر کام کے لیے ترغیب دیں۔
نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے کہاکہ صحت خدمات کو مضبوط بنانے کیلئے ضروری وسائل کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ ضلع کی ضرورت کے مطابق انسانی وسائل ، ادویات، آلات ، نقل وحمل اور دیگر ضروری سہولیات دستیاب کروانے کیلئے حکومتی سطح سے ضروری تعاون دیاجائے گا۔ انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ دستیاب وسائل کا موثر استعمال کرتے ہوئے ہر ایک مجاز شخص صحت کی رسائل یقینی بنائیں۔