بھوپال، 8 ستمبر: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اپنے دورۂ دبئی کے تیسرے دن ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقدہ ’اے آئی ایم کانگریس-2026‘ کے دوران عالمی صنعت کاروں، کاروباری گروپس کے سربراہان اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ون ٹو ون ملاقاتیں کیں اور ریاست میں توانائی، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، ایجوکیشن اور گرین ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع تر ترغیبات پیش کیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ملک کے وسط میں واقع ہونے کی بدولت مدھیہ پردیش شاندار سڑک، ریل اور فضائی رابطوں سے آراستہ ہے، جہاں بہتر صنعتی ڈھانچے، وافر بجلی اور ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی سرمایہ کاروں کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے معروف تجارتی وفود کو سال 2027 میں ریاست میں منعقد ہونے والی آئندہ ’گلوبل انویسٹرز سمٹ‘ میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی، جس پر عالمی کاروباری برادری نے بھرپور اور مثبت ردِعمل کا اظہار کیا۔مذاکرات کے دوران کریسنٹ انٹرپرائزز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدر جعفر سے شہری بنیادی ڈھانچے، توانائی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر تبادلۂ خیال ہوا، جس پر انہوں نے ریاست کے ساتھ طویل مدتی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ڈی پی ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضوان سومار کے ساتھ گفتگو میں ہوشنگ آباد کے قریب پوارکھیڑا لاجسٹکس کمپوزٹ حب کو بین الریاستی تجارتی گیٹ وے کے طور پر ترقی دینے پر اتفاق ہوا، تاکہ کسانوں، برآمد کنندگان اور چھوٹے صنعت کاروں کو بین الاقوامی منڈیوں سے جوڑ کر لاگت اور وقت کی بچت کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی رانا ہولڈنگز لمیٹڈ کے چیئرمین ڈاکٹر درشن سنگھ رانا سے اسمارٹ مینوفیکچرنگ، گرین ہائیڈروجن، ڈیٹا سینٹرز اور ای-موبلٹی پر بامقصد بات چیت ہوئی، جبکہ بیومرک کارپوریشن کے چیئرمین سدھارتھ بالا چندرن نے بھی انفراسٹرکچر، گرین انرجی اور ہیلتھ کیئر میں سرمایہ کاری کی آمادگی ظاہر کی۔
تعلیمی میدان میں بین الاقوامی شراکت داری کو آگے بڑھاتے ہوئے جیمز ایجوکیشن کمپنی کے بانی سنی ورکی نے ریاست کے اہم شہروں میں عالمی معیار کے کے-12 اسکول کیمپسز قائم کرنے اور طلبہ کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کے منصوبے پیش کیے۔ شراف گروپ کے صدر شیام کپور نے اندور اور پیتھم پور کے صنعتی خطے میں تقریباً 30 سے 50 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے ریل سائڈنگ پر مشتمل ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک قائم کرنے کی تجویز دی جس سے سینکڑوں افراد کو روزگار ملے گا۔ علاوہ ازیں وی ایف ایس گلوبل کے سربراہ امت سائچر نے بھوپال اور اندور میں ویزا سروسز کے دائرۂ کار کو وسعت دینے اور نوجوانوں کو سیاحت و ہاسپٹلٹی کی تربیت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں چوئتھ رام گروپ کے صدر ایل ٹی پگرانی نے ریاست کے بڑے شہروں میں جدید سپر مارکیٹ چین اور پروسیسنگ مراکز کھولنے کے علاوہ مقامی کسانوں سے براہِ راست زرعی و غذائی پیداوار حاصل کرنے پر اتفاق کیا، جس سے زرعی مصنوعات کو عالمی سطح پر نئی منڈیاں ملیں گی۔